4200ایکڑ پر علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کے قیام سے صنعتی و کاروباری سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو گا، ،چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے ریلوے فیصل آباد

بدھ 16 جنوری 2019 16:36

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) : ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کے چیئر مین مرزا ہدائت اللہ نے کہا ہے کہ 4200ایکڑ رقبہ پر ایم تھری انڈسٹریل اسٹیٹ کے بعد 3000ایکڑ پر علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کے قیام سے صنعتی و کاروباری سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو گا جس کی وجہ سے یہاں تیار ہونے والے برآمدی مال کی بیرون ملک روانگی کیلئے گوادر تک کے ریلوے ٹریک کو بحال اور اپ گریڈ کرنا انتہائی ضروری ہو گیا ہے جبکہ سی پیک کے تناظر میں فیصل آباد سے گوادر تک ریلوے ٹریک کو ترجیحی بنیادوں پر بہتر بنا کر اس پر تیز رفتار مسافر اور کارگو گاڑیوں کو چلانے کیلئے فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔

قائمہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کے دوران انہوںنے کہاکہ پہلے مرحلہ میں فیصل آباد سے لاہور ، خانیوال ، وزیر آباد اور سرگودھا سیکشن کے موجودہ ٹریک کو اپ گریڈ اور دو رویہ کیا جائے جس کے بعد ضرورت کے مطابق اس کو مزید شہروں تک توسیع دی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ آبادی کے لحاظ سے فیصل آباد ملک کا تیسرا بڑا شہرہے مگر موٹرویز اور ایکسپریس ویز کے باوجود لوگ ریل کے ذریعے سفر کو ترجیح دیتے ہیں جبکہ اس کے ذریعے مال کی نقل و حمل کی سہولت بھی سستے نرخوں پر مہیا کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 35 سال قبل فیصل آباد سے لاہور کے درمیان ہر نصف گھنٹہ بعد ایک ٹرین چلتی تھی اور ان کو ان کی ضرورت کے مطابق لوڈ بھی ملتا تھا مگر ان منافع بخش روٹس کو بند کر کے ریلوے کے نظام کو تباہ کر دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کی بحالی کیلئے ضروری ہے کہ اس کے تمام منافع بخش روٹس کو بحال کیا جائے، فیصل آباد سے لاہور کے درمیان ہر گھنٹے بعد ایک نان سٹاپ ٹرین چلائی جائے جس میں آدھی بوگیاں لوئر اے سی کی ہونی چاہیں، اسی طرح فیصل آباد سے ملتان ،کراچی ، سیالکوٹ ، راولپنڈی ، سرگودھا اور پشاور کیلئے بھی تمام روٹ بحال کئے جائیں ۔

مرزا ہدایت اللہ نے مزید کہا کہ پارسل اور مال بردار گاڑیوں کو بھی مسافر ٹرینوں کی طرح مقررہ شیڈو ل کے مطابق چلایا جائے اس طرح نہ صرف صنعت وتجارت کو فائدہ ہو گا بلکہ ریلوے کی آمدن بھی بڑھے گی۔ انہوں نے فیصل آباد ریلوے سٹیشن کی بہتری کیلئے بھی فوری اقدامات کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسافروں کے سامان کی سکریننگ کیلئے موجودہ مشین کو ٹھیک کرنے کے علاوہ یہاں مزید 2 مشینیں بھی لگائی جائیں۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں