اداروں میں استحکام کے ساتھ ملکی معیشت صحیح سمت رواںہوجائے گی، سنٹرل چیئرمین آل پاکستان ٹیکسٹائل پروسیسنگ ملز ایسو سی ایشن

جمعہ 23 اگست 2019 13:30

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2019ء) آل پاکستان ٹیکسٹائل پروسیسنگ ملز ایسو سی ایشن کے سنٹرل چیئر مین انجینئر رضوان اشرف نے کہا ہے کہ ملکی معیشت اور عام آدمی کی خوشحالی کیلئے تمام اداروں کا مئو قف اگر یکساں ہو تو کامیابی کے امکانات بڑھ جاتے ہیں، یہ بات قابل اطمینان ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار اداروں میں ٹکراؤ والی کیفیت نہیں رہی لہٰذا اب اداروں میں استحکام کے ساتھ ملکی معیشت صحیح سمت رواںہوجائے گی۔

میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوںنے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں وزیر اعظم کی جانب سے تین سالہ توسیع کے اعلان کو بہترین قدم قرار دیتے ہو ئے کہا کہ اس فیصلے سے مو جودہ حکومت کی جاری کردہ پالیسیوں کے تسلسل میں جہا ں مدد ملے گی وہاں پاک فوج اور حکومت دونوں کے ایک پیج پر ہونے کو تقویت کے ساتھ موجودہ عالمی منظر نامے بالخصوص مسئلہ کشمیر کے حوالے سے جنرل باجوہ کے کردار سے پاکستان کو مستقبل میں ملنے والے ثمرات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کے حوالے سے جنرل باجوہ نے گزشتہ ایک سال میں اہم کردار ادا کیا ہے اور ان کی کوششوں کے باعث نہ صرف پاکستان کے اسلامی ممالک کے ساتھ تعلقات میں بہتری آئی بلکہ حالیہ دورہ امریکہ میں جس انداز سے مسئلہ کشمیر کو دو بارہ اٹھایا گیا یہ اسی کا ثمر ہے کہ آج یہ وقت کا اہم مو ضوع بن چکا ہے جس میں پور ی دنیا بھارتی مظالم کی مذمت اور کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق آزادی دینے کی بات کر رہی ہے۔ انہوںنے امید ظاہر کی کہ اتفاق و اتحاد کی برکات سے اب پو ری قوم مستفید ہو سکے گی اور ہم بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کے ساتھ اندرونی مسائل کے گرداب سے بھی بہت جلدنکل آئیں گے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں