بیما ر صنعتوں کی بحالی کیلئے وزیر اعظم کی سنجیدہ کو ششوںاور دلچسپی کے باعث ملک کا معاشی نظام مستحکم بنیادوں پر استوار ہونے کے امکانات نظر انداز نہیں کئے جا سکتے،ریجنل چیئرمین اپٹپما

منگل 15 اکتوبر 2019 15:27

فیصل ۱ٓباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2019ء) آل پاکستان ٹیکسٹائل پروسیسنگ ملز ایسوسی ایشن ( اپٹپما) کے ریجنل چیئرمین انجینئرحافظ احتشام جاویدنے کہاکہ بیما ر صنعتوں کی بحالی کیلئے وزیر اعظم پاکستان کی سنجیدہ کو ششوں اور دلچسپی کے باعث ملک کا معاشی نظام مستحکم بنیادوں پر استوار ہونے کے امکانات نظر انداز نہیں کئے جا سکتے جبکہ اس ضمن میں گذشتہ دنوں حکومتی معاشی ماہرین کے ساتھ وزیر اعظم کی تفصیلی میٹنگ نے کاروباری ، صنعتی اور تاجر طبقہ میں اُمید کی کرن بیدار کر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چھوٹی اور درمیانی انڈسٹری ( ایس ایم ایز ) کے فروغ اور بیمار صنعتوں کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے معاشی ماہرین کو 60 روز کا جو ٹاسک دیا گیا ہے اگر پوری تندہی کے ساتھ ایکشن پلان تیار کرکے اس پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا جائے تو بلاشبہ یہ موجودہ حکومت کا ملک کے صنعتی شعبہ پر ایک احسان ہوگا جو گذشتہ کئی عشروں سے حکومتوں کی عدم توجہی کے باعث بحران کا شکار ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دنیا کہا ں سے کہاں پہنچ گئی مگرجدید ٹیکنالوجی اور ریسرچ جیسے اُمور سے استفادہ نہ ہو سکنے کے باعث ہماری انڈسٹری تاحال تنزلی کا شکار ہے۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ اداروں نے وہ کچھ نہیں کیا جس کا صنعتی شعبہ متقا ضی تھا جبکہ صنعتی شعبہ ہی ہماری برآمدات میں اضافہ کا اصل ضامن ہے جس سے زرمبادلہ کے کثیر ذخائر حاصل کرکے ملکی معیشت مضبوط ہو جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کاروبار میں آسانیوں کیلئے وزیراعظم کا حالیہ اقدام اگر معاشی ماہرین نے اپنا ہدف بنا لیا تو سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کی تر غیب ملے گی اور وہ اپنا سرمایہ محفوظ رکھنے کی بجائے کاروبار میں لگا ئیں گے تو اس سے بے روزگاری میں کمی کے ساتھ ساتھ نئی انڈسٹری بھی لگے گی اور یہ سرمایہ کاری نئی انڈسٹری کی ترویج اور توسیع کا باعث بن جائے گی جس سے یہ عوامل تعمیراتی سیکٹر کے استحکام کا سبب بھی بنیں گے۔

انہوں نے کہا کہ معاشی ٹیم نے 687 یونٹس کی بحالی کے امکانات سے وزیر اعظم کو ۱ٓگاہ کر تے ہوئے جس منصوبہ بندی کا اشارہ کیا ہے اس پر وزیر اعظم نے واضح ہدایات دے دی ہیں کہ دو ماہ کے اندر مفصل پروگرام تشکیل دیا جائے اور اس مقصد کیلئے جن قوانین اور انتظامی اصلاحات کی ضرورت ہے ان کو مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات صنعتی برادری کیلئے حوصلہ افزاء ہیں اور وہ اس ضمن میں اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی ۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں