وافربجلی صرف ان ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو فراہم کی جائے جن کی وصولیاں زیادہ بہتر ہیں،

صنعتوں کیلئے بجلی کی لوڈ شیڈنگ زیرو کرنے کے بہترین معاشی و اقتصادی نتائج حاصل ہو ں گے ،ترجمان ایوان صنعت وتجارت

جمعرات 14 نومبر 2019 14:12

وافربجلی صرف ان ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو فراہم کی جائے جن کی وصولیاں زیادہ بہتر ہیں،
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2019ء) موسم سرما کے ۱ٓغاز کی وجہ سے بجلی کی پیداوار میں اضافہ کے باعث وافر بجلی صرف ان ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو فراہم کی جائے جن کی وصولیاں زیادہ بہتر ، بجلی چوری اور لائن لاسز نہ ہونے کے برابر ہوں کیونکہ بجلی چوروں اور بلز ادا نہ کرنے والوں کو مساوی انداز میں بجلی کی فراہمی درست اقدام نہیں جبکہ صنعتوں کیلئے بجلی کی لوڈ شیڈنگ زیرو کرنے کے بہترین معاشی و اقتصادی نتائج حاصل ہو ں گے ۔

ایوان صنعت وتجارت فیصل آبادکے ترجمان نے صنعتوں کیلئے بجلی کی لوڈشیڈنگ کو صفر کرنے کے مضمرات کے بارے میںکہا کہ صنعتوں کیلئے بجلی کی لوڈشیڈنگ کو ختم کرنے سے جہاں صنعتی پیداواری عمل میں تیزی آئے گی وہیں بے روزگاری کے مسئلہ پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بجلی کی رسد اور طلب میں فرق کے باوجود صنعتوں کیلئے لوڈشیڈنگ کو صفر کرنے سے حکومت کے اس پختہ عزم کا بھی اظہار ہوتا ہے کہ وہ صنعتوں کے مسائل حل کرنے کیلئے نہ صرف سنجیدہ ہے بلکہ اس کیلئے عملی اقدامات بھی کر رہی ہے۔

انہوں نے حکومت کے اس صنعت دوست اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ گیس کی فراہمی کے سلسلہ میں بھی حکومت فوری اقدامات کرے گی تا کہ صنعتوں کا پہیہ مستقل رواں رہ سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا نہ ہو کہ بجلی ملنے کے باوجود گیس کی عدم دستیابی کی وجہ سے صنعتی یونٹس پوری استعداد کار کے مطابق چل نہ سکیں۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں