فیصل آباد کے صنعتی ادارے لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز کے سالانہ فیئر 2020ء میں شرکت کریں گے، صدر ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد

جمعہ 17 جنوری 2020 14:23

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2020ء) فیصل آباد کے زیادہ سے زیاد ہ صنعتی ادارے لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز کے اگلے ماہ منعقد ہونے والے سالانہ فیئر 2020ء میں شرکت کریں گے جس کے لئے رابطوں کا آغاز کر دیا گیا ہے اور تمام بڑے بڑے صنعتی یونٹس کو ترغیب دی جا رہی ہے کہ وہ اس سالانہ میلہ میں شرکت کر کے اپنے سٹالز لگائیں تاکہ صنعتی سرگرمیوں کے فروغ میں مدد مل سکے۔

ایوان صنعت و تجارت فیصل آبا د کے صدر رانا محمد سکندر اعظم خان نے لمز کے ہیڈ کیریئر سروسز رانا منور فاروق اور ڈائریکٹر سٹوڈنٹس سپورٹ سروسز سے ملاقات کے دوران بتایا کہ فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز کے گریجویٹس کو فیصل آباد کے صنعتی، تجارتی اور کاروباری اداروں میں کھپانے کیلئے حکمت عملی وضع کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لمز بلاشبہ ملک کا ممتاز تعلیمی ادارہ ہے جس کے طلبہ کو تعلیم مکمل کرنے سے قبل ہی نوکریاں مل جاتی ہیں۔ انہوں نے لمز کے سالانہ کیئریر فیئر2020کا بھی خیر مقدم کیا اور یقین دلایا کہ وہ اس میں فیصل آباد کے صنعتی اداروں کو بھی شرکت کی ترغیب دیں گے۔ رانا محمد سکندر اعظم خاں نے بتایا کہ فیصل آباد میں ایم تھری انڈسٹریل اسٹیٹ کے بعد علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی بھی قائم کیا جا رہا ہے جہاں پر بڑے پیمانے پر غیر ملکی کمپنیاں اپنے صنعتی یونٹ قائم کر رہی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ان کو بھی لمز کے گریجویٹس کی ضرورت ہو گی اور وہ اس سلسلہ میں فیصل آباد چیمبر میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کریں گے جس میںلمز کے ماہرین ہمارے ممبروں کو اس اعلیٰ تعلیمی ادارے کے بارے میں ضروری آگاہی دیں گے۔ یہ تقریب آئندہ ماہ کسی وقت ہو سکے گی ۔ اس سے قبل مظہر حسین چنائی ڈائریکٹر سٹوڈنٹس سپورٹ سروسز نے بتایا کہ لمز کے سو ایکڑ کے کیمپس کے 5مختلف سکولوں میں مجموعی طور پر 4800طلبہ زیر تعلیم ہیں جن میں سے ہر سال 1100 طلبہ فارغ التحصیل ہوتے ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ اس ادارہ کیلئے فنڈنگ کا بندوبست ملک کے کاروباری ادارے کرتے ہیں جبکہ اس کو حکومت کی طرف سے کوئی فنڈنگ نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم مہنگی ہونے کے باوجود ذہین طلبہ کو مفت تعلیم دینے کا بندوبست کیا جاتا ہے۔ اس وقت لمز میں 22فیصد طلبہ مفت تعلیم حاصل کر رہے ہیں جبکہ 40فیصد کی مالی معاونت کی جا رہی ہے۔ انہوں نے اس بات کی تردید کی کہ لمز کے زیادہ تر طلبہ بیرون ملک چلے جاتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ صرف چار سے پانچ فیصد طلبہ بیرون ملک جاتے ہیں جبکہ 10فیصد اعلیٰ تعلیم کیلئے باہر جاتے ہیں ، مگر 70فیصد پاکستان میں ہی خدمات سر انجام دیتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ لمز بھی چاہتی ہے کہ اس قومی ادارہ میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ واپس اپنے علاقوں میں جا کر ہی خدمات سر انجام دیں۔ رانا منو ر فاروق ہیڈ کیئریر سروسز آفس نے بتایا کہ لمز کا سالانہ کیئریر فیئر2020یکم فروری کو ہو رہا ہے جس میں ملک بھر کے سو سے زائد ادارے اپنے سٹال لگائیں گے۔

اور اپنی افرادی قوت کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے نوجوان طلبہ سے ملاقاتیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اُن کی خواہش ہے کہ اس میں فیصل آباد چیمبر کے علاوہ فیصل آباد کے اہم صنعتی، کاروباری اور تجارتی ادارے بھی شرکت کریں۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں