فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کا افراط زر اور خاص طو رپر کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوںمیں بے تحاشہ اضافہ پر تشویش کا اظہار

پیر 20 جنوری 2020 21:37

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جنوری2020ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں نے افراط زر اور خاص طو رپر کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوںمیں بے تحاشہ اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے اس سلسلہ میں متعلقہ وزارتوں کا اجلاس طلب کرنے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

انہوںنے کہا کہ ا س وقت مہنگائی کی شرح میں 22فیصد تک اضافہ ہو چکا ہے جبکہ عالمی اداروںکے مطابق اس میں اس سال کے دوران 27فیصد تک اضافہ متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے یوٹیلٹی سٹور کیلئے 7ارب کا پیکج دیا ہے۔ اگرچہ یہ اچھا قدم ہے مگر یہ مہنگائی کے تناسب سے انتہائی ناکافی ہے۔ انہوںنے کہا کہ حکومت نے از خود بجلی، گیس اور پٹرول کی قیمتوںمیں بے تحاشہ اضافہ کر دیا ہے جبکہ ان سے پیدا ہونے والی مہنگائی کی ذمہ داری حکومت قبول کرنے کو تیار نہیں بلکہ الٹا تاجروں کو اس کا ذمہ دار ٹھہرایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قدر میں اضافہ سے بھی اندرون ملک کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں بڑھی ہیں۔ ڈالر کی قدر میں روپے کے مقابلے میں 35فیصد اضافہ ہوا ہے۔ لیکن حکومت نے تاحال اس تناسب سے پرچون کی سطح پر فروخت ہونی والی اشیاء کی قیمتوں کا تعین نہیں کیاجس کی وجہ سے عام لوگ بری طرح پس رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ اور ڈالر کی قدر میں اضافہ کا واضح تعین کرنے اور اس حوالے سے اشیاء کی قیمتوں کا از خود حقیقت پسندانہ تعین کرے تاکہ دکانداروں کی طرف سے بلاجواز قیمتیں بڑھانے کی نوبت نہ آئے اور لوگوں کو یہ اشیاء مناسب نرخوں پر میسر آسکیں۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں