فیصل آباد چیمبر کے سالانہ انتخابات ، میں عاطف منیرصدر،عمران محمودسینئر نائب صدراورفیاض احمدنائب صدر منتخب

پیر 20 ستمبر 2021 15:05

فیصل آباد چیمبر کے سالانہ انتخابات ، میں عاطف منیرصدر،عمران محمودسینئر نائب صدراورفیاض احمدنائب صدر  منتخب
فیصل  آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2021ء) فیصل آباد چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سالانہ انتخابات2021-22 میں عاطف منیربلامقابلہ صدر،عمران محمودسینئر نائب صدراورفیاض احمدنائب صدر منتخب ہوگئے جو30 ستمبر کو چیمبر کے سالانہ اجلاس عام کے بعد اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ الیکشن کمیشن کے ممبران انجینئر رضوان اشرف، محمد ایوب صابر اور چوہدری محمد نوازنے پیر کے روز ایف سی سی آئی کمپلیکس میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ صدر فیصل آباد چیمبر کے عہدہ کیلئے عاطف منیر آف میسرز عبداللہ مہد ایمپکس، سینئر نائب صدر کیلئے عمران محمود آف میسرز ایسپن ٹریڈ انٹر نیشنل اور نائب صدر کے عہدہ کیلئے فیاض احمد آف میسرزحفیظ پیکیجز(پرائیویٹ) لمیٹڈنے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے مگر ان کے مقابلہ میں کسی اور امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ الیکشن شیڈول کے مطابق 20 ستمبر بروز پیر کو مذکورہ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی گئی اور ان کے کاغذات کو درست قرار دیدیا گیا جس کے باعث مذکورہ تینوں عہدیدارغیر سرکاری نتائج کے مطابق بلامقابلہ صدر،سینئر نائب صدراورنائب صدر منتخب ہوگئے ہیں تاہم ان کی جیت کا باضابطہ سرکاری اعلان 30 ستمبر کو چیمبر کے سالانہ اجلاس عام کے موقع پر کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اب مذکورہ عہدوں کیلئے پولنگ نہیں ہوگی۔اس موقع پر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نو منتخب صدرعاطف منیر، سینئر نائب صدر عمران محمود اور نائب صدر فیاض احمد نے کہا کہ اب چیمبر کی طرف سے ایک توانا آواز اٹھائی جائے گی جس کے باعث تاجروں کے مسائل کا حل یقینی ہو سکے گا۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر کے تمام ممبران خواہ وہ کسی بھی پارٹی، گروپ یا مسلک سے تعلق کیوں نہ رکھتے ہوں چیمبر بلا امتیاز ان کے مسائل کا حل یقینی بنائے گا اور ان کی آواز پوری قوت کے ساتھ حکام بالا اور اقتدار کے ایوانوں تک پہنچائی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے وہ اس پر پورا اترنے کیلئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں