ٹیکسٹائل کی برآمدات سے حاصل ہونیوالے 13 ارب ڈالر میں 70 فیصد حصہ صرف فیصل آباد کا ہے،چیئرمین پٹیا

ہفتہ 23 اکتوبر 2021 16:46

ٹیکسٹائل کی برآمدات سے حاصل ہونیوالے 13 ارب ڈالر میں 70 فیصد حصہ صرف فیصل آباد کا ہے،چیئرمین پٹیا
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2021ء) پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد احمدنے کہا کہ ملکی معیشت میں ٹیکسٹائل کے شعبہ کا حصہ 60 فیصد سے بھی زیادہ ہے جبکہ ٹیکسٹائل کی برآمدات سے حاصل ہونے والے 13 ارب ڈالر میں 70 فیصد حصہ صرف فیصل آباد کا ہے مگر اس سیکٹر کو درپیش مشکلات کے تدارک کیلئے مطلوبہ اقدامات نہ کئے جا رہے ہیں اسلئے حکومت کو چاہیے کہ وہ وزارت ٹیکسٹائل انڈسٹری، فیڈرل بورڈ آف ریونیو، پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن، پاکستان ٹیکسٹائل پراسیسنگ ملز ایسوسی ایشن اور پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے اشتراک سے ملک گیر سیمینار کا انعقاد یقینی بنائے تاکہ ٹیکسٹائل کے شعبہ سے وابستہ صنعتکار اور برآمد کنندگان بڑی تعداد میں اس میں شریک ہو کر اپنے مسائل پر کھل کر بات چیت کر سکیں اور اس موقع پر باہمی مشاورت سے قابل عمل پالیسیاں تشکیل دینے کیلئے سفارشات بھی مرتب کی جائیں تاکہ ٹیکسٹائل سیکٹر کی ترقی کو یقینی بنایاجاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ فیصل آباد دراصل ملکی معیشت کے استحکام میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے لیکن اس کے بر عکس اس کے مسائل پر پوری توجہ نہیں دی جا رہی۔ انہوں نے کہا کہ مہنگی ترین ہونے کے باوجود توانائی کے بحران کی وجہ سے کئی ادارے بند ہو چکے ہیں جبکہ چلنے والے ادارے بھی صرف 30 سے 40 فیصد استعداد پر چل رہے ہیں۔ انہوں نے جی ایس پی پلس کا درجہ حاصل کرنے پر حکومت کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان سے پور ی طرح فائدہ اٹھانے کیلئے ضروری ہے کہ ٹیکسٹائل کے شعبہ کے مسائل کو فوری اور ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بیمار صنعتوں کی بحالی بھی حکومت کیلئے چیلنج ہے جس کیلئے اب تک کی جانے والی کوششوں کو منطقی انجام تک پہنچانا ضروری ہے۔ انہوں نے ٹیکسٹائل برآمد کنندگان کے باقی ری فنڈ کلیمز کو بھی فوری کلیئر کرنے پر زور دیا تا کہ موجودہ مندے کے رجحان میں ان کے مالی مسائل کو کم کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں