علامہ انڈسٹریل سٹی ترجیحی سی پیک اکنامک زون پاکستان میں صنعتی ترقی کے نئے دور کا پیش خیمہ ثابت ہو گا، چیئرمین فیڈمک

منگل 30 نومبر 2021 13:52

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 نومبر2021ء) :فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈمینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کے چیئرمین ظفر اقبال سرور نے کہا کہ علامہ انڈسٹریل سٹی ترجیحی سی پیک اکنامک زون پاکستان میں صنعتی ترقی کے نئے دور کا پیش خیمہ ثابت ہو گاجہاں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں اوربزنس کمیونٹی کو علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں سرمایہ کاری کی ترغیب دینے کے ساتھ بھرپور تعاون بھی فراہم کیا جارہا ہے۔

ایک ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں 2300 ایکڑ اراضی صنعتی یونٹس لگانے کیلئے مختص کی گئی تھی جس میں سے اکثریتی اراضی فروخت ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی ڈیمانڈ کے پیش نظر اس انڈسٹریل سٹی میں مزید 3200 ایکڑرقبہ شامل کرنے سے مزید صنعتی یونٹس کوبزنس کے شاندار مواقع حاصل ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس عظیم الشان منصوبے پر دن رات کام جاری ہے اور یہاں سرمایہ کاری کرنے والے مقامی سرمایہ کاروں کو غیر ملکی کمپنیوں کے برابر مراعات اور سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگلے سال یہاں مزید لگنے والی صنعتیں پیداواری عمل شروع کر دیں گی جس سے پاکستانی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے ون ونڈو سنٹرکے قیام سے تمام متعلقہ وفاقی اور صوبائی محکموں کے نمائندے ایک ہی جگہ موجود ہونے سے بھی صنعتکاروں کی سہولت میں بہتری آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انرجی ٹیرف کو20 فیصد تک کم کرنے کیلئے فیڈمک این ٹی ڈی سی سے براہ راست بجلی خریدنے سمیت سولر انرجی اورسالڈ ویسٹ سے بجلی بنانے کے منصوبے بھی لگائے گا جس کیلئے چینی کمپنیوں سے بات چیت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی یونٹس کی لیبر کی آمد ورفت پر آنے والے اخراجات بچانے کیلئے اکنامک زون میں کم قیمت پر فلیٹ تعمیر کرنے کے علاوہ شہر سے اکنامک زونز تک شٹل ٹرین چلانے اور ایک اکنامک زون سے دوسرے اکنامک زون تک جانے کیلئے بس سروس بھی چلا نے کا پروگرام ہے جس سے سہولیات میں مزید اضافہ ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ ایم تھری انڈسٹریل سٹی اور علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی ایم فور موٹروے ساہیاں والا انٹرچینج کے ساتھ منسلک ہیں جبکہ ایم تھری انڈسٹریل سٹی مکمل فروخت ہو چکی ہے جہاں پاکستان کے علاوہ چین، برطانیہ، سعودی عرب، کوریا، ترکی، متحدہ عرب امارارت، فرانس سمیت بہت سے ممالک سے سرمایہ کاری ہوچکی ہے نیز ایم تھری انڈسٹریل سٹی میں متعدد ممالک نے اپنے پلانٹ مکمل کرلئے ہیں اور وہ پاکستان سمیت پوری دنیا میں اپنی مصنوعات فروخت کررہے ہیں جس سے پاکستان کے امپورٹ بل میں کمی اور ایکسپورٹ میں اضافہ ہو رہاہے۔

ان کا کہنا ہے کہ سی پیک پاکستان کی ترقی کا بہت بڑا موقع ہے لیکن اس کیلئے لازم ہے کہ ہمارے نوجوان ٹیکنیکل ایجوکیشن اور مختلف فنون میں مہارت حاصل کریں جبکہ فنی تعلیم و مہارت کی غرض سے فیڈمک کے زیر انتظام علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی اورایم تھری انڈسٹریل سٹی سے ملحقہ ایریا میں ایک ٹیکنیکل یونیورسٹی کے قیام سے سول ٹیکنالوجی، مکینیکل ٹیکنالوجی،فوڈپروسیسنگ ٹیکنالوجی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، کمپیوٹر ایجوکیشن، آٹو موبائیل، آٹو ڈیزل، الیکٹریکل ٹیکنالوجی، انڈسٹریل مینجمنٹ، چائنیز زبان سمیت متعدد کورسز کروائے جائیں گے تاکہ ہمارے نوجوان  جدید دور کے مطابق ٹیکنیکل تعلیم وتربیت حاصل کرکے فیڈمک اقتصادی زونز کی کامیابی اور ملکی تعمیر و ترقی سمیت عوامی خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔


فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں