پاکستان فیشن انڈسٹری کی برآمدات کے ذریعے بھاری زرمبادلہ کما سکتا ہے ، ترجمان پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن

جمعہ 20 مئی 2022 13:23

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2022ء) پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان فیشن انڈسٹری کی برآمدات کے ذریعے بھاری زرمبادلہ کما سکتا ہے تاہم اسے بین الاقوامی معیار کی مصنوعات کی تیاری کیلئے ماہر افرادی قوت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل کا شعبہ تیزی سے ترقی کررہا ہے کیونکہ بین الاقوامی خریداربھی کورونا وائرس کے بعد سے پاکستان کا رخ کرنے لگے ہیں۔

انہوں نےکہا کہ اس صنعت کو ماہر افرادی قوت کی کمی کا سامنا ہے نیز پاکستان اگر مغربی خریداروں کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو وہ فیشن انڈسٹری کی برآمدات کے ذریعے بھاری زرمبادلہ کما سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی فیشن انڈسٹری کیلئے اعلیٰ ترین معیاری کام اور فن کے ذریعے پاکستان کے مثبت تاثر کواجاگر کرنے کیلئے سرکاری اور نجی شعبے کو مل کر کام کرنا ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں بین الاقوامی مارکیٹ میں اہم مقام حاصل کرنے کیلئے اپنی فیشن انڈسٹری کو فروغ دینا ہوگا ، اس ضمن میں پاکستانی اور بین الاقوامی فیشن ڈیزائنرز کے مابین اشتراک ایک سنگ میل ثابت ہوسکتا ہےجس سے ملکی زرمبادلہ کمانے میں مدد مل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہاتھ سے تیار کیے گئے کڑھائی کے ملبوسات کو دوسرے ممالک کے ڈیزائن کے ساتھ ملاکر اس شعبے میں مزید تخلیق کی جا سکتی ہے۔انہوں نے ارباب اختیار سےبجٹ میں ٹیکسٹائل ایکسپورٹ سیکٹر کیلئے خصوصی رعایات، سہولیات و مراعات کے اعلان کی اپیل کی تاکہ یہ شعبہ حکومتی ایکسپورٹ اہداف کی تکمیل سمیت ملک و قوم کیلئے قیمتی زر مبادلہ کما سکے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں