رواں سال برطانیہ ، نیدر لینڈ کو آم برآمد کیا جائے گا،مینگو گروئرز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن

جمعہ 20 مئی 2022 13:30

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2022ء) مینگو گروئرز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن پنجاب نے کہا ہےکہ پاکستان سے رواں سال فضائی راستے سے برطانیہ اور بحری راستے سے نیدر لینڈ کو آم برآمد کرنے کافیصلہ کیاگیا ہے جبکہ اس سلسلہ میں آم کے برآمداتی آرڈرز بھی موصول ہو رہے ہیں جو خوش آئند اقدام ہے۔ترجمان نے بتا یا کہ سندھڑی، چونسا،مالدہ،لنگڑا،انور رٹول،سونفیا، دوسہری اور دیگر اقسام کے پاکستانی آ م کو لذت، ذائقے اور معیار کی بنا پر دنیا بھر میں زبردست پذیرائی اور مقبولیت حاصل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتا یا کہ پاکستان میں آم کی پیداوار سے ہر سال معیشت کو 35 سے 40کروڑ ڈالر کی آمدنی حاصل ہوتی ہے جو دنیا کی کل پیداوار کا 4فیصد ہے۔انہوں نے بتا یاکہ پاکستانی آم کے برآمد کنندگان یورپی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے کیلئے بھر پور اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتا یاکہ اگر حکومت آم کے باغبانوں، کاشتکاروں اور زمینداروں کو سہولیات فراہم کرے تو آم سے مختلف مصنوعات بھی تیار کر کے دنیا بھر کے ممالک کو برآمد کی جا سکتی ہیں۔انہوں نے بتا یا کہ ایسوسی ایشن آم کے باغات کو کیڑوں اور بیماریوں سے بچانے کیلئے مربوط حکمت عملی اپنا رہی ہے جس کے تحت خصوصی معلوماتی کتابچے تیار کر کے باغبانوں کو فراہم کئے جائیں گے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں