ناجائز منافع خوری اور صارفین کی شکایات کے ازالہ کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی تعداد بڑھانے کی ہدایت کر دی گئی

ہفتہ 25 فروری 2017 13:15

فیصل آباد۔25 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 فروری2017ء)حکومت پنجاب نے صوبہ کے تقریباً تمام شہروں میں گرانی کی ابتر صورتحال ، ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی جانب سے مقرر کردہ نرخوں کی پابندی نہ کرنے ، ناجائز منافع خوری ، غیر معیاری اشیائے خورد و نوش کی فروخت اور صارفین کی بڑھتی ہوئی شکایات روکنے کے علاوہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھر پور کارروائی یقینی بنانے کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی تعداد بڑھانے کی ہدائت کی ہے جبکہ اس ضمن میں چیف سیکرٹری پنجاب کی جانب سے تمام ڈویژنل کمشنرز اور تمام ڈپٹی کمشنرز کے نام جاری کئے گئے ہدایت نامہ میں کہا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے اپنے اضلاع میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی تعداد میں ضروری اضافہ کریں۔

فیصل آباد ڈویژنل انتظامیہ کے ذرائع نے بتا یا کہ مذکورہ حکام سے کہا گیا ہے کہ وہ نہ صرف ڈسٹرکٹ و دیگر پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو مزید مئوثر و فعال بنائیں بلکہ مقامی سطح پر جن اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں مقرر کی گئی ہیں ان کی مناسب تشہیر سمیت پرائس لسٹیں تمام جگہوں پر نمایاں مقامات پر آویزاں کروائی جائیں تاکہ ناجائز منافع خوری کی حوصلہ شکنی ہو سکے۔

(جاری ہے)

انہوںنے مزید کہا کہ تمام حکام کو ہدائت کی گئی ہے کہ جوں ہی کسی صارف کی جانب سے اس سلسلہ میں کوئی شکائت موصول ہو اس پر فوری کارروائی کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں