نیشنل بینک نے کاشتکاروں کو زرعی ضروریات کی غرض سے قرضوں کے حصول کیلئے فوری قریبی برانچز سے رابطہ کی ہدایت کر دی

منگل 28 فروری 2017 14:50

فیصل آباد۔28 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2017ء)نیشنل بینک آف پاکستان نے کاشتکاروں کو زرعی ضروریات کی غرض سے قرضوں کے حصول کیلئے فوری قریبی برانچز سے رابطہ کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار بینک کی کسان دوست پالیسی کے تحت کھاد ، بیج ، زرعی ادویات ، مال مویشیوں ، پولٹری فارمز ، فش فارمز ، پھلوںکے باغات ، زرعی مشینری ، ٹریکٹرز ، تھریشر ز وغیرہ کے حصول ، گوداموں ،کولڈ سٹوریج اور ویٹرنری کلینکس کی تعمیر سمیت دیگر زرعی ضروریات کیلئے فوری طور پر نیشنل بینک کی کسی بھی قریبی برانچ سے رابطہ کر کے آسان شرائط پر زرعی قرضے حاصل کرسکتے ہیں۔

نیشنل بینک آف پاکستان فیصل آباد ریجن کے ذرائع نے بتایاکہ بینک دولت پاکستان کے مقرر کردہ اہداف کی روشنی میں ملک میں سر سبززرعی انقلاب لانے کیلئے نیشنل بینک آف پاکستان کی پنجاب سمیت ملک بھر میںقائم 875 سے زائد برانچز نے لاکھوں کاشتکاروں ، کسانوں ، زمینداروں کو اربوں روپے کے زرعی قرضے جاری کر دیئے ہیں جبکہ مزید قرضوں کی فراہمی کاسلسلہ بھی جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ رواں مالی سال کے دوران بینک دولت پاکستان نے بینکوں کو 300 ارب روپے کے قریب زرعی قرضوں کی فراہمی کا ہدف فراہم کررکھا ہے۔ انہوںنے بتایاکہ نیشنل بینک کی تمام برانچز کا عملہ چھوٹے زمینداروں ، کاشتکاروں اور کسانوں کو زرعی قرضوں کی سہولیات بہم پہنچانے کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ان قرضوں کی فراہمی سے حکومت کے اعلان کردہ غربت مکائو پروگرام کے خاطر خواہ نتائج حاصل ہو رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ کاشتکار و کسان بیجوں کی خریداری ، زمین ، زرعی ادویات ، ٹریکٹر ، زرعی آلات ، جدید سٹوریج کی سہولیات سمیت مویشی اور پولٹری فارمز وغیرہ کیلئے زرعی قرضے حاصل کر سکتے ہیں۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں