معذور طلباء وطالبات کو میٹرک کے بعد گریجویٹ تک کی تعلیم دینے کیلئے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز پر سپیشل ایجوکیشن ڈگری کالجز بنانے کافیصلہ

جمعہ 19 جنوری 2018 15:42

فیصل آباد۔19جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2018ء) مختلف اقسام کی جسمانی معذوریوں کا شکار طلباء وطالبات کو میٹرک کے بعد گریجوایٹ لیول تک کی تعلیم دینے کیلئے صوبہ بھر کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز پر سپیشل ایجوکیشن ڈگری کالجز بنانے کافیصلہ کیاگیاہے تاکہ گونگے ، بہرے ، نابینا اور دیگر جسمانی ودماغی معذوریوں کاشکار خصوصی بچوں کو سپیشل ایجوکیشن سکولز کی طرح سپیشل ایجوکیشن کالجز میں بھی زیور تعلیم سے آراستہ کیاجاسکے۔

(جاری ہے)

سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے ذرائع نے بتایاکہ اس وقت پنجاب کے 2ڈویژنل ہیڈکوارٹرز بہاولپور اور لاہور میں مذکورہ ڈگری کالجز قائم ہیں ۔انہوںنے بتایاکہ فیصل آباد ، ساہیوال ، ڈی جی خان ، ملتان ،راولپنڈی ، گوجرانوالہ ، سرگودھاڈویژنز کے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز پر سپیشل ایجوکیشن ڈگری کالجز کے جلد قیام کیلئے تخمینہ جات طلب کرلئے گئے ہیں۔ انہوںنے بتایاکہ حکومت مختلف جسمانی معذوریوں کے شکار لڑکوں اور لڑکیوں کو معاشرے کا مفید شہری بنانے کیلئے تمام ضروری بنیادی سہولیات کی فراہمی کا تہیہ کئے ہوئے ہے جن پر سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے عملدرآمد یقینی بنایاجائیگا۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں