فیصل آباد ڈویژن میں خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت کیلئے قائم سکولز و کالجز میں معیاری تدریس سمیت بہترین فنی تربیت بھی فراہم کی جا رہی ہے،ڈسٹرکٹ آفیسر سپیشل ایجوکیشن

بدھ 12 دسمبر 2018 16:57

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل ۱ٓباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ میں خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت کیلئے قائم 37سکولز و کالجز میں اعلیٰ معیار کی تدریس سمیت فنی اعتبار سے بھی بہترین تربیت فراہم کی جا رہی ہے تاہم اگر ڈویژن کے چاروں اضلاع میں مزید 8خصوصی تعلیمی ادارے قائم کر دیئے جائیں تو ذہنی و جسمانی معذور بچوں کی تعلیم و تربیت میں درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکتا ہے جبکہ فیصل آباد میں اس وقت 4 ہزار کے قریب خصوصی افراد انرولڈ ہیںنیزکزن میرج ، میاں بیوی کی تمباکو نوشی کی عادت سے خصوصی بچوں کی پیدائش کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے لہٰذاپیشگی حفاظتی و تدارکی اور احتیاطی اقدامات سے بچوں میں معذور ی کی شرح کم کی جا سکتی ہے ۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ آفیسر سپیشل ایجوکیشن فیصل ۱ٓبادچوہدری عبدالحمید نے بدھ کے روز میڈیا سے بات چیت کے دوران بتایا کہ سپیشل ایجوکیشن کے اداروں میں داخلہ حاصل کرنے والے بچوں کی خصوصی تعلیم کے ساتھ ساتھ فنی اعتبار سے تربیت بھی کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں کھرڑیانوالہ ، امین پور بنگلہ ، ستیانہ ، مرید کے ، ڈجکوٹ میں اگر یہ سکول قائم کر دیئے جائیں تو ان علاقوں کے معذور افراد کیلئے نہ صرف تعلیم و تربیت کی سہولت ان کی دہلیز پر ہی میسر آ جائے گی بلکہ ا س سے انرولمنٹ بھی بڑھے گی ۔

انہوںنے کہا کہ جھنگ میں مزید ایک اور سکول گڑھ مہاراجہ میں جبکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں مزید دو ادارے قائم کئے جانے چاہئیں تاکہ ان اضلاع میں بھی مزید انرولمنٹ بڑھے۔ انہوںنے کہا کہ جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پہلے ہی 15ادارے معذور افراد کی تعلیم و تربیت کیلئے کوشاں ہیں تاہم ان علاقوں میں مزید 3سکول قائم کرنے کی گنجائش و ضرورت موجود ہے۔انہوںنے کہا کہ لاہور میں معذور افراد کی انرولمنٹ 33 سو جبکہ فیصل آباد میں 4ہزار ہے۔انہوںنے کہا کہ ان معذور افراد کیلئے ڈویژن بھر میں ایک تربیتی ورکشاپ بھی قائم کی جانی چاہیے تاکہ یہ خصوصی افراد اپنے روز گار کے حوالہ سے اس سے استفادہ حاصل کر سکیں۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں