گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی برائے خواتین میں سالانہ دستکاری نمائش اور فن فیئر کا انعقاد

پیر 17 دسمبر 2018 17:11

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2018ء) گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی برائے خواتین فیصل آباد میں پیر کو سالانہ دستکاری نمائش اور فن فیئر کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد کے صدر سید ضیاء علمدار حسین جبکہ مہمان اعزاز ممبر صوبائی اسمبلی فردوس رائے تھیں۔سالانہ دستکاری نمائش و فن فیئر میں ادارہ کی طالبات کی جانب سے مختلف سٹالز لگائے گئے جہاں انتہائی دیدہ زیب ، دلکش ، اعلیٰ معیار کی حامل مختلف اشیاء نمائش کیلئے رکھی گئیں جبکہ فن فیئر کے سلسلہ میں فول فیسٹیول کا بھی اہتمام کیا گیا ۔

اس موقع پر طالبات اور ان کے اہلخانہ کیلئے جھولوں سمیت دیگر تفریحی پروگرامات بھی منعقد کئے گئے۔طالبات رنگ برنگ پروگرامات کے ساتھ ساتھ فوڈ سٹریٹ میں لگائے گئے سٹالز سے کھانے پینے کی اشیاء خریدتی رہیں۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کے دوران مہمانان گرامی نے ادارہ کی طالبات کی جانب سے تیار کردہ اشیاء میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی کاوشوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔

انہوںنے کہاکہ طالبات نے یہ بات ثابت کر دی ہے کہ مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں اور نوجوان نسل کی خداداد صلاحیتوں کی بنیاد پر یہ کہنا بے جا نہ ہو گا کہ ہمارے ملک کا مستقبل انتہائی محفوظ ، ہنر مند اور مضبوط ہاتھوں میں ہے۔انہوںنے مذکورہ شاندار ایونٹ کے انعقاد اور طالبات کی اعلیٰ معیار کے مطابق تعلیم و تربیت پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی برائے خواتین فیصل آباد کی پرنسپل مسز زریں سعید نے طالبات کی مہارت کو اساتذہ کی محنتوں کا نتیجہ قرار دیا ۔انہوںنے مہمانان گرامی کو ادارہ کی تعلیمی ، تدریسی ، تربیتی سرگرمیوں کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی ۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں