صوبہ بھر کے تمام 9 تعلیمی بورڈز کے زیر اہتمام انٹر میڈیٹ پارٹ سیکنڈ و کمپوزٹ کے سالانہ امتحانات 6 مئی، پارٹ ون کے سالانہ امتحانات 22 مئی سے شروع ہوں گے

منگل 23 اپریل 2019 14:57

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2019ء) اعلیٰ و ثانوی تعلیمی بورڈ فیصل آباد ، راولپنڈی ، گوجرانوالہ، ساہیوال ، سرگودھا ، ملتان ،بہاولپور ، ڈیرہ غا زی خان ، لاہور سمیت صوبہ بھر کے تمام 9تعلیمی بورڈز کے زیر اہتمام انٹر میڈیٹ پارٹ سیکنڈ و کمپوزٹ2019ء کے سالانہ امتحانات 6 مئی سے جبکہ پارٹ ون کے سالانہ امتحانات 22مئی سے شروع ہو ں گے جس میں شرکت کرنے والے طلباء و طالبات کو رولنمبر سلپوں کی فراہمی شروع کردی گئی ہے اور ڈیٹ شیٹس بھی جاری کی جا رہی ہیں۔

طلباء و طالبات سے کہا گیا ہے کہ اگر انہیں رواں ہفتہ کے دوران رولنمبر سلپ موصول نہ ہو تو وہ اپنے متعلقہ بورڈ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔پنجاب ایجوکیشن بورڈز کمیٹی آف چیئر مینز کے ترجمان نے بتایاکہ انٹر میڈیٹ پارٹ ٹو اور پارٹ ون کے سالانہ امتحانات کے شفاف انعقاد کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور امتحانی عملہ کی ڈیوٹیاں لگا کر انہیں مناسب تربیت فراہ م کرنے کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد کے ترجمان نے بتایاکہ انٹر میڈیٹ پارٹ سیکنڈو کمپوزٹ کے سالانہ امتحانات 2019ء شیڈول کے مطابق 6مئی سے شروع ہو کر 21 مئی تک جاری رہیں گے اسی طرح پارٹ فرسٹ کے سالانہ امتحانات کا آغاز 22مئی سے ہوگا اور یہ امتحانات 12جون تک جاری رہیں گے۔ انہوںنے بتایاکہ عملی امتحانات کا انعقاد13جون بروز جمعرات سے 29اگست بروزپیر تک ہو گا۔

انہوںنے بتایاکہ پارٹ فرسٹ و سیکنڈ کے امتحانات میں مجموعی طور پر 188000 کے قریب طلباء و طالبات شریک ہو ں گے۔انہوںنے بتایاکہ انٹر میڈیٹ کے طلباء و طالبات کیلئے فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد ، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، چنیوٹ میں طلباء کیلئے 145،طالبات کیلئی 161اور کمبائنڈ 4 جبکہ مجموعی طور پر 310 سنٹر بنائے گئے ہیں ۔انہوںنے بتایاکہ پارٹ فرسٹ کے بوائز کیلئے 161،گرلز کیلئے 165 اور کمبائنڈ 4 جبکہ مجموعی طور پر 330 امتحانی مراکزکا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

انہوںنے بتایا کہ فیصل آباد ڈویژن کے تمام سی ای اوز ایجوکیشن اتھارٹیز اور ڈائریکٹر و ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز کے تعاون سے نہ صرف فرض شناس و اچھی شہرت کا حامل عملہ تعینات کیا گیا ہے بلکہ بوٹی مافیا کے قلع قمع کیلئے موبائل انسپکٹرز اور خصوصی سکواڈز بھی بنائے گئے ہیں جو مختلف سنٹروں پر اچانک چھاپے مار کر امتحانات پر اثرانداز ہونے کی کوشش کرنے والے عناصر کی بیخ کنی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق جس طرح امتحان میٹرک سالانہ 2019ء میں محنتی اور لائق طلباء وطالبات کو ان کی محنت کا ثمر پہنچانے کیلئے بھرپور و ٹھوس اقدامات اٹھائے گئے تھے اسی طرح امتحان انٹرمیڈیٹ سالانہ 2019ء میں بھی اس تسلسل کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ریگولر طلباء وطالبات کو ان کی رول نمبر سلپس ان کے اداروں کے توسط سے جبکہ پرائیویٹ طلباء وطالبات کی رول نمبر سلپس ان کے داخلہ فارموں پر درج ان کے گھروں کے پتہ جات پر ارسال کر دی گئی ہیں تاہم ایسے طلباء وطالبات جن کو 27 اپریل 2019 ء تک رول نمبر سلپ نہ ملے یا کسی کو رول نمبر سلپ میں درستگی کروانا مقصود ہو تو وہ اگلے دن ٹھوس دستاویزی ثبوت کے ہمراہ ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد کی انٹر برانچ سے بالمشافہ رابطہ کر سکتا ہے۔

انہوںنے کہا کہ طلباء وطالبات کی سہولت کے پیش نظر تمام پرائیویٹ طلباء وطالبات کی رول نمبر سلپس ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد کی ویب سائیٹ www.bisefsd.edu.pk پر بھی اپ لوڈ کر دی جائیں گی ۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں