یونیورسٹی میں اساتذہ اور نوجوان طلباء و طالبات کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو ہینڈز آن ٹریننگ جیسی تربیتی ورکشاپس کے ذریعے بڑھایا جائے ،وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد

بدھ 19 جون 2019 23:55

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جون2019ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آبادکے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف (ہلال امتیاز) نے کہا ہے کہ یونیورسٹی میں اساتذہ اور نوجوان طلباء و طالبات کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو ہینڈز آن ٹریننگ جیسی تربیتی ورکشاپس کے ذریعے بڑھایا جائے گا تاکہ عملی میدان میں وہ دوسری جامعات کے گریجوایٹس سے خو د کو ممتاز اور نمایاں طور پر پیش کر سکیں۔

شعبہ طفیلیات (پیراسٹالوجی) کے زیراہتمام پنجاب ایگریکلچرل ریسرچ بورڈ (پارب) کے تعاون سے نیو سینٹ ہال میں مچھرسے پیداہونیوالی بیماریوں پر ہینڈز آن ٹریننگ ورکشاپ کے افتتاحی سیشن سے مہمان خصوصی کے طور پر اپنے خطاب میں ڈاکٹر محمد اشرف نے تمام ڈینز و ڈائریکٹرز اور چیئرمینوں پر زور دیا کہ اپنے ساتھی اساتذہ اور طلبہ تک وہ تمام علوم و فنون اور اطلاقی ہنراس طرح پہنچائیں جو ان کی عملی و پیشہ وارانہ زندگی کا سرمایہ بن سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ تمام تدریسی شعبہ جات میں کم سے کم ایک کلاس روم کوجدید آئی ٹی سہولیات اور کلاس بورڈ کو فوری طور پر انٹریکٹوبنانے کے ساتھ ساتھ ماہرین کو ایسا سازگار ماحول فراہم کرے گی جس میں حقیقی سائنس کلچر فروغ پائے گا۔ انہوں نے نوجوان طلبہ پر زور دیا کہ پیشہ وارانہ اُمور پر گہری نظر رکھیں اور خود کو عمومی تحقیق میں مصروف رکھنے کی بجائے معاشرے میں موجود مسائل کے پائیدار حل پر نظریں جماتے ہوئے اپنی تحقیقات اور ٹیکنالوجی ڈویلپمنٹ میں پیش رفت کریں جس سے زندگی میں آسانیاں پیدا ہوسکیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ وہ یونیورسٹی میں ایسی تحقیق کی ہرگز حوصلہ افزائی نہیں کریں گے جس کے نتائج سے معاشرے میں کچھ بہتری پیدا نہ ہو سکے اور وہ محض لائبریریوں کی زینت بن کر رہ جائیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ معیاری تدریس اور معیار تعلیم پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے اور ایسے اساتذہ کا بھی سختی سے محاسبہ کیا جائے گا جو اپنے پیغمبری پیشہ میں خیانت کے مرتکب ہوتے ہوئے ٹیچنگ اسسٹنٹ یا ریسرچ اسسٹنٹ کو اپنی جگہ پڑھانے کیلئے کلاس روم میں بھیجتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں ڈین سائنسز کے طور پر انہوں نے چھ برس تک خدمات سرانجام دی ہیں لیکن اپنی تدریسی ذمہ داریوں سے ایک لمحہ کیلئے بھی غافل نہیں رہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج ہر یونیورسٹی خود کو درجہ بندی میں ٹاپ یونیورسٹی قراردیتی ہے تاہم ان کی کوشش ہوگی کہ زرعی یونیورسٹی کو کیو ایس ‘ ٹائمز اور دوسرے معتبر رینکنگ سسٹم میں دنیا کی 500بہترین جامعات میں شامل کروا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے متعدد اساتذہ بلاشبہ نابغہ روزگار ہیں جو یقینا یونیورسٹی کے ماتھے کا خوبصورت جھومر ہیں تاہم وہ سمجھتے ہیں کہ اگر یونیورسٹی میں سازگار تعلیمی و تحقیقی ماحول یقینی بنا دیا جائے تو رینکنگ کے اہداف چند مہینوں میں پورے کئے جا سکیں گے

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں