چین کی شنگ چیانگ ایگریکلچرل یونیورسٹی کے چھ رکنی وفد کی زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف سے ملاقات

پیر 24 جون 2019 19:59

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2019ء) چین کی شنگ چیانگ ایگریکلچرل یونیورسٹی کے چھ رکنی وفد نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف (ہلا ل امتیاز) سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔ یونیورسٹی کے ڈائریکٹر بیرونی روابط پروفیسرڈاکٹر رشید احمد اور کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے وائس چیئرمین ڈاکٹر اشفاق احمد چٹھہ کے ہمراہ چائنیز ڈین ڈاکٹر شی سبنگ کی سربراہی میں مہمان وفد سے بات چیت کرتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف نے اپنے حالیہ دورہ چین میں شنگ چیانگ ایگریکلچرل یونیورسٹی انتظامیہ سے طے پانے والے معاملات میں پیش رفت پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیڈ پراسسنگ یونٹ‘ چھوٹے اور سستے زرعی آلات کے ساتھ ساتھ ویلیو ایڈیشن اور فوڈ پراسیسنگ کے شعبہ میں چینی تجربات سے فائدہ اٹھانے کے آرزومند ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شنگ چیانگ زرعی یونیورسٹی کے اشتراک سے زرعی یونیورسٹی میں گندم اور کپاس کے دوتحقیقی منصوبوں میں چینی جرمپلازم کی پاکستانی موسمیاتی حالات میں نشوونما کا جائزہ لیا گیا ہے تاہم وہ چاہیں گے کہ فیصل آباد جیسے موسمیاتی حالات سے ہم آہنگ چینی علاقوں میں زیرکاشت بہترپیداوار کی حامل زرعی اجناس کی پیداواریت کا اگر مقامی طو رپر جائزہ لیا جائے تو زیادہ بہتر اور حوصلہ افزاء نتائج برآمد کئے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں جامعات کے ماہرین کو مشترکہ اہداف کیلئے پروگرام شروع کرنے سے قبل اس کے تمام پہلوئوں کا عمیق جائزہ لینا چاہئے اور باہمی مشاورت کے بعد شروع کئے جانیوالے منصوبے میں مکمل یکسوئی کے ساتھ پیش رفت کی جانی چاہئے۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ دونوں ادارے کے ماہرین باہمی تعاون میں اضافہ کیلئے مشترکہ حکمت عملی سامنے لانے میں کامیاب ہونگے جس سے ایک دوسرے کے تجربات و سہولیات سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔

اس موقع پر چینی وفد کے سربراہ ڈاکٹر چائونے کہا کہ وہ چین میں سیڈپراسیسنگ اور چھوٹی زرعی مشینری کے کاروبار سے وابستہ چینی کمپنی کوشنگ چیانگ زرعی یونیورسٹی کے توسط سے زرعی یونیورسٹی سے متعارف کروانے کا اہتمام کر سکتے ہیں جس کے ذریعے چینی ٹیکنالوجی کاپروٹوٹائپ یونیورسٹی تک لانے کا بندوبست کیا جا سکے۔ ڈاکٹر رشید ا حمد نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی انتظامیہ چینی ٹیکنالوجی کی تربیتی ورکشاپ کیلئے چینی ماہرین کوخوش آمدید کہے گی جس کے ذریعے پاکستانی ماہرین کو سیڈ پراسیسنگ‘ ویلیو ایڈیشن اور چھوٹے زرعی آلات پر مبنی چینی ٹیکنالوجی پر سیرحاصل تربیت فراہم کی جا سکے۔

ملاقات میں شنگ چیانگ زرعی یونیورسٹی کیلئے پوسٹ ڈاکٹریٹ اور انڈرگریجوایٹ پروگرامز میں یونیورسٹی کے طلبہ کی روانگی بھی زیربحث آئی اور طے پایا کہ ڈی وی ایم اور ہارٹیکلچرسے 1پلس 4پروگرام کیلئے نوجوان طلبہ کا انتخاب پی وی ایم سی سے مجوزہ منظوری کے فوری بعد شروع کر دیا جائے گا۔ اس موقع پر چینی ڈین ڈاکٹر یانگ نے کہا کہ ان کی جامعہ میں انڈرگریجوایٹ طلبہ کی رجسٹریشن 15ستمبر سے شروع ہورہی ہے لہٰذا زرعی یونیورسٹی فیصل آباد سے چینی سکالرشپ پر چار طلبہ کے انتخاب میں تاخیری مسائل کا جلد حل نکالنا ہوگا۔

انہوں نے یونیورسٹی انتظامیہ پر زور دیا کہ ون بیلٹ ون روڈ پروگرام کے تحت جاری کئے گئے چینی سکالرشپس کیلئے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے طلبہ کا انتخاب جلد عمل میں لایا جائے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں