جامعہ زرعی کے ماہرین نے 4.2ملین روپے کی درآمدی لیکوئڈ فرٹیلائزرمشین کے مقابلے میں انتہائی ارزاں اور زیادہ موثر مشین متعارف کروا دی

ہفتہ 24 اگست 2019 13:34

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اگست2019ء) جامعہ زرعی کے ماہرین نے 4.2ملین روپے کی درآمدی لیکوئڈ فرٹیلائزرمشین کے مقابلے میں انتہائی ارزاں اور زیادہ موثر مشین متعارف کروا دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی میں قائم واٹر مینجمنٹ ریسرچ سنٹر کے انجینئر ڈاکٹر جنید نواز چوہدری نے درآمدی فرٹیلائزرمشین کی ریورس انجینئرنگ کے نتیجہ میں اس کی 18لاکھ روپے میں مقامی تیاری کرکے لیکوئیڈفرٹیلائزرکے فروغ میں اہم سنگ میل عبور کیا ہے جس کے ذریعے چھوٹے کاشتکاروں کے پیداواری اخراجات میں کمی کے ساتھ ساتھ پیداوار میں اضافہ کے نتیجہ میں فی ایکڑ منافع کو دوگنا حد تک بڑھایاجا سکے گا۔

وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف نے واٹر مینجمنٹ ریسرچ سنٹر میں نصب فرٹیلائزر مشین کے افتتاح کے موقع پر اسے اہم کامیابی سے تعبیر کرتے ہوئے انجینئرجنید نواز چوہدری اور پرائیویٹ سیکٹر سے ان کے پارٹنر دائم فرٹیلائزر کے چیف ایگزیکٹو انجینئر انجم شریف کی کاوشوں کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ٹیکنالوجی ڈویلپمنٹ فنڈ کی معاونت سے شروع کئے جانیوالے منصوبے میں اس کامیابی کو اہم پیش رفت سمجھتے ہیں جو دوسرے انجینئرز کیلئے بھی مشعل راہ قرار پائے گی۔

انہوں نے انجینئرز پر زور دیا کہ چھوٹے زرعی رقبوں میں روایتی کاشتکاری میں منافع کم ہونے کی وجہ سے کسانوں کی اکثریت کاشتکاری سے دوسرے شعبوں کی جانب رخ کر رہی ہے لہٰذا ضروری ہوگا کہ چھوٹے کاشتکاروں کو ٹارگٹ کرکے سستی اور چھوٹی زرعی مشینری ان کیلئے دستیاب کی جائے جس سے ان کے پیداواری اخراجات میں کمی لاکر انہیں پیشے سے جوڑے رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں استعمال ہونے والے بیشتر لیکوئیڈ فرٹیلائزردوسر ے ممالک سے درآمد کئے جا رہے ہیں جبکہ اس مشین کے ذریعے لیکوئیڈ فرٹیلائزر کی بین الاقوامی معیار کے مطابق ارزاں مقامی تیاری سے کثیرزرمبادلہ بچانے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے پلیٹ فارم سے چھوٹی زرعی مشینری چین اور دوسرے ممالک سے درآمد کرکے اس کی مقامی طو رپر ریورس انجینئرنگ کی جائے تو سستی تیاری اور کسان کیلئے ارزاں فراہمی یقینی بناکر چھوٹے زرعی رقبوں کو منافع بخش پیداواری یونٹ بنانے میں بڑی رکاوٹ دورہوجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پانی میں مکس ہوکر زمین اور پودے کی ضروریات پوری کرنے والا لیکوئیڈ فرٹیلائزرنیروگااپنی ہمہ جہت افادیت کی وجہ سے تیزی سے مقبول ہورہا ہے اور مقامی سطح پر اس کی سستی اور ارزاں تیاری پیداواری لاگت میں واضح کمی کا باعث بنے گی۔اس موقع پر ڈائریکٹر واٹر مینجمنٹ ریسرچ سنٹر انجینئر عبدالخالق پرائیویٹ سیکٹر سے پراجیکٹ پارٹنر انجینئر انجم شریف‘ انجینئر عمر دراز خاں‘ انجینئر احمد وقاص ‘ ڈاکٹر عدنان اورسیکرٹری ٹو وائس چانسلرمحمد جمیل بھی موجود تھے۔

اس موقع پر وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف نے پلانٹ فار پاکستان مہم کے سلسلہ میں پودا بھی لگایا اور ریسرچ سنٹر کے ذمہ داران کو ہدایت کی منصور ملنگی روڈ پر جھنگ روڈ تک مزید درخت بھی لگائے جائیں تاکہ شجرکاری مہم کے اہداف کو کامیابی سے آگے بڑھایا جا سکے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں