کرونا وائرس کے پیش نظر لاک ڈائون کے دوران آن لائن کلاسز کا حصہ نہ بننے والے طلبہ کو فائنل ا متحان میں شمولیت کیلئے زیرغور نہیں لایا جائیگا،زرعی یونیورسٹی فیصل آباد

جمعرات 9 اپریل 2020 22:40

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 اپریل2020ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ کرونا وائرس کے پیش نظر لاک ڈائون کے دوران آن لائن کلاسز کا حصہ نہ بننے والے طلبہ کو فائنل ا متحان میں شمولیت کیلئے زیرغور نہیں لایا جائیگالہٰذا وہ فوری طو رپر ٹائم ٹیبل کے مطابق آن لائن کلاسزمیں باقاعدگی سے اپنی حاضری یقینی بنائیں ۔

پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے توسط سے صوبے کے تمام وائس چانسلرزکیساتھ ہونیوالی ویڈیو کانفرنس میں شمولیت کے بعد ڈینز کمیٹی کی صدارت کرتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف (ہلال امتیاز) نے کہا کہ کرونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں ہائرایجوکیشن کمیشن کی سطح پر موبائل کمپنیوں سے طلبہ کیلئے خصوصی انٹرنیٹ پیکیج متعارف کروانے کی کوشش کی جا رہی ہے جبکہ یونیورسٹی کے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ میں 16کور کا نیا ڈیٹا سرور بھی سسٹم کا حصہ بنا دیا گیا ہے جس سے بڑی آسانی کے ساتھ طلبہ اور اساتذہ آن لائن کلاسز لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے پلیٹ فارم سے نئے سسٹم میں طلبہ کی حاضری یقینی بنانے کیلئے قومی پالیسی زیرغور ہے جس کے مطابق آن لائن سسٹم کا حصہ نہ بننے والے طلبہ کو فائنل امتحان میں شامل کرنے کیلئے کسی قسم کی رعایت نہ دینے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چینی صوبے ہوہان میں کرونا وائرس کی شدید ترین صورتحال کے دوران بھی جامعات کے پروفیسرزنے گھر پر رہتے ہوئے بھی آن لائن کلاسز لی ہیں لہٰذا آن لائن کلاسز کا حصہ نہ بننے والے طلبہ اپنے نقصان کے خود ذمہ دار ہونگے۔

ڈاکٹر محمد اشرف نے ناظم امتحانات کو ہدایت کی کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر پوسٹ گریجوایٹ کلاسز طلبہ کے سپروائزر کے مشورے سے ان کے زبانی امتحان (وائی وا) آن لائن لئے جائیں تاکہ وقت ضائع کئے بغیر ان کے نتائج کا اعلان کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ ایک پیغمبری پیشے سے وابستہ ہیں لہٰذا انہیں خود احتسابی اور احساس ذمہ داری کے جذبے کے تحت آن لائن کلاسز کو کامیاب بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں طلبہ یونیورسٹی قوانین پر مکمل عملدرآمد یقینی بناتے ہیں اور یونیورسٹی کی طرف سے دستیاب پلیٹ فارم کے بجائے سوشل میڈیا یا الیکٹرانک میڈیا کا رخ کرنے والوں سے سختی کے ساتھ نمٹا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی کی سوشل میڈیا پالیسی ویب سائٹ پر موجود ہے جو طلبہ‘ اساتذہ اور سٹاف سمیت پوری کیمپس کمیونٹی کو ذمہ دارانہ رویئے کی پابند بناتی ہے لہٰذا اس کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی شخص کیساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائیگی۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں