ونیورسٹی پنجاب حکومت اور وفاقی وزارت فوڈ سیکورٹی کے ساتھ مل کر زراعت کی ترقی کے لئے مربوط کاوشیں بروئے کار لا رہی ہے تاکہ فصلوں کی پیداوار ترقی یافتہ ممالک کے برابر لائی جا سکے

زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں کا نیو سینیٹ ہال میں یونیورسٹی کے بیج ماہرین سے خطاب

منگل 24 نومبر 2020 17:14

ونیورسٹی پنجاب حکومت اور وفاقی وزارت فوڈ سیکورٹی کے ساتھ مل کر زراعت کی ترقی کے لئے مربوط کاوشیں بروئے کار لا رہی ہے تاکہ فصلوں کی پیداوار ترقی یافتہ ممالک کے برابر لائی جا سکے
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 نومبر2020ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے نیو سینیٹ ہال میں یونیورسٹی کے بیج ماہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یونیورسٹی پنجاب حکومت اور وفاقی وزارت فوڈ سیکورٹی کے ساتھ مل کر زراعت کی ترقی کے لئے مربوط کاوشیں بروئے کار لا رہی ہے تاکہ فصلوں کی پیداوار ترقی یافتہ ممالک کے برابر لائی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ فصلوں کی پیداواریت میں جمود اور ان میں بڑھوتری میں پائے جانے والے خلاء جیسے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے اعداد و شمار کا ڈیٹابینک قائم کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ اس مقصد کے لئے گندم کی حالیہ زیرکاشت آبپاش علاقوں کی زمینوں میں بیج کی تصدیق شدہ، غیرتصدیق شدہ، گھروں میں ذخیرہ کی گئی گندم کے علاوہ مختلف ورائیٹیوں کے انتخاب سے متعلق تفصیلی اعدادوشمار جمع کئے جائیں گے تاکہ ان کے نتائج کی روشنی میں بیج کی بڑی مقدار میں فراہمی اور ملاوٹ کے امکانات کا خاتمہ کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ قلیل المدتی اقسام کے ساتھ ساتھ زیادہ بڑھوتری کے امکانات کی حامل فصلات کے بیج جب تک بڑے پیمانے پر کسانوں تک نہیں پہنچائے جائیں گے تب تک ہماری پیداوار میں خاطرخواہ اضافہ نہیں ہو سکے گا۔ ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ ماہرین کو اس اعدادوشمار کی تیاری میں پنجاب کے آبپاش علاقوں کا مکمل ڈیٹا مرتب کرنا ہو گا تاکہ اس کی روشنی میں مستقبل کی غذائی ضروریات کے لئے حکومت کو ٹھوس لائحہ عمل تیار کرنے کے لئے رہنمائی فراہم کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ زرعی ملک ہونے کے باوجود ہم اربوں روپے مالیت کی خوراک، دالیں اور خوردنی تیل درآمد کر رہے ہیں جوکہ ملکی سائنسدانوں کے لئے لمحہ فکریہ ہے اس مقصد کے لئے ہمیں پریسیئن ایگریکلچر کے اصولوں کو اپناتے ہوئے نئی جدتوں کو متعارف کرانا ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ زیرزمین پانی کی ضرورت سے زیادہ پمپنگ زراعت کے شعبے کے لئے سنگین خطرات کی حامل ہے اگر یہی روش جاری رہی تو آنے والی نسلوں کے لئے زیرزمین آبی وسائل انتہائی کم ہو جائیں گے۔

ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے حالیہ کپاس کی تیار فصل کا جائزہ لیتے ہوئے اگلی فصل کی بیجائی کے لئے تصدیق شدہ بیج کے علاوہ نجی سیڈکمپنیوں کی جانب سے فروخت کئے جانے والے ہائبرڈ سیڈ کی جانچ کاری کی سخت ضرورت پر زور دیا تاکہ ملاوٹ مافیا کو کسی طرح کسانوں کو گمراہ کرنے کا موقع میسر نہ آ سکے۔ انہوں نے سائنسدانوں پر زور دیا کہ وہ خصوصی طور پر کاشتکار برادری اور زرعی شعبے کو درپیش مسائل حل کرنے کے لئے مربوط کاوشیں بروئے کار لاتے ہوئے مشترکہ منصوبوں پر پیش رفت یقینی بنائیں اس طرح ہم اجتماعیت کا رویہ اختیار کرتے ہوئے ملکی زراعت کو آگے بڑھا سکتے ہیں۔

ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اختر نے بتایا کہ ان کی فیکلٹی میں 15 ماہرین بیج کام کر رہے ہیں جوکہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں کی رہنمائی میں صوبے کے لئے اس اہم ترین ڈیٹا ریسورس کی تیاری کا کام انتھک محنت اور دیانتداری کے ساتھ سرانجام دیں گے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں