خصوصی افراد کو قومی دھارے میں لائے بغیر ترقی کے اہداف حاصل نہیں کئے جا سکتے:وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف تنویر

خصوصی افراد کسی بھی معاشرے میں اپنی خداداد صلاحیتوں اور ذہانت سے انتہائی فعال کردار ادا کر سکتے ہیں اس کے لئے ان کو بہترین ماحول اور مواقع فراہم کرنے پر توجہ دینی چاہیے

منگل 2 مارچ 2021 18:24

خصوصی افراد کو قومی دھارے میں لائے بغیر ترقی کے اہداف حاصل نہیں کئے جا سکتے:وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف تنویر
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 مارچ2021ء) خصوصی افراد کو قومی دھارے میں لائے بغیر ترقی کے اہداف حاصل نہیں کئے جا سکتے۔ ان خیالات کا اظہار زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف تنویر نے ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس کے زیراہتمام پہلی قومی تین روزہ وہیل چیئر ہینڈبال چیمپیئن ٹرافی میں مہمان خصوصی کے طور پر کیا۔

انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کسی بھی معاشرے میں اپنی خداداد صلاحیتوں اور ذہانت سے انتہائی فعال کردار ادا کر سکتے ہیں اس کے لئے ان کو بہترین ماحول اور مواقع فراہم کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زرعی یونیورسٹی کے شعبہ سپورٹس نے پہلی مرتبہ خصوصی افراد کا یہ میچ منعقد کروا کر ایک نیا سنگ میل طے کیا ہے جس سے آنے والے سالوں میں تمام شعبہ جات میں خصوصی افراد کو اپنی صلاحیتیں منوانے کے بھرپور مواقع میسر آ سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کھیلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والے خصوصی افراد اپنی قوت ارادی سے بحالی کا خوبصورت سفر طے کر سکتے ہیں جس کے ذریعے وہ اپنے اندر زندگی کی نئی رعنائیاں محسوس کریں گے۔ انہوں نے ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والے خصوصی کھلاڑیوں کے جذبے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ سوشل میڈیا کے دور میں یہ خصوصی کھلاڑی عام صحت مند نوجوانوں کے لئے ایک مثال کی حیثیت رکھتے ہیں جو خود کو کمپیوٹر، لیپ ٹاپ اور موبائل فون کی روشنیوں میں گم کر چکے ہیں۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ اس قسم کی سرگرمیوں سے نہ صرف خصوصی افراد بلکہ عام نوجوانوں میں بھی فزیکل سرگرمیوں میں حصہ لینے کی لگن پیدا ہو گی۔ ڈاکٹر آصف تنویر نے کہا کہ یونیورسٹی خصوصی طالب علموں کے لئے مختلف سہولتیں فراہم کر رہی ہے جن میں بالائی منزل تک رسائی کے لئے ریمپس کی تعمیر، علیحدہ باتھ رومز اور ان کے لئے وہیل چیئرز کلاس رومز و دیگر مقامات تک لے جانے کی سہولیات شامل ہیں۔

اس موقع پر چیئرمین سپورٹس بورڈ ڈاکٹر فاروق احمد، چیف ہال وارڈن ڈاکٹر محمد یسین،پرنسپل آفیسر اسٹیٹ ڈاکٹر جاوید اختر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سپورٹس عاشق رسول، فاروق اقبال و دیگر بھی موجود تھے۔ تقریب سے قبل وائس چانسلر سے خصوصی کھلاڑیوں کا تعارف کرایا گیا اور ان کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوائی گئی۔واضح رہے کی اس قومی ایونٹ کا انعقاد ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ کیا گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں