زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں پاک کوریا نیوٹریشن سنٹر قائم کر دیا گیا

پیر 2 اگست 2021 11:35

زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں پاک کوریا نیوٹریشن سنٹر قائم کر دیا گیا
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 اگست2021ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں پاک کوریا نیوٹریشن سنٹر قائم کر دیا گیاجس کے ذریعے ملک میں خصوصاً خواتین اور بچوں میں بڑھتی ہوئی غذائی قلت پر قابوپانے میں مدد ملے گی۔ اس حوالے سے تقریب یونیورسٹی کے سنڈیکیٹ روم میں منعقد ہوئی جہاں وزیراعظم پاکستان کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سینیٹرڈاکٹر ثانیہ نشتر نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

شرکاء سے پروگرام کے خدوخال پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ سال 2019ء میں احساس فریم ورک ڈرافٹ تیار کرتے وقت طے کر لیا گیا تھا کہ یونیورسٹی میں پاک کوریا نیوٹریشن سنٹر کا قیام عمل میں لایا جائے گا اور آج وہ اس کی لانچنگ تقریب کاحصہ بنتے ہوئے خوشی محسوس کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ ارب روپے مالیت کا تین سالہ پروگرام کوریا کے ادارہ کوئیکا اور وفاقی حکومت کا مشترکہ پراجیکٹ ہے جس میں  فوڈ فورٹیفیکشن‘ نیشنل نیوٹریشن پالیسی‘ ٹریننگ آف سٹیک ہولڈرز‘ نیوٹریشن و پبلک ہیلتھ‘ فوڈ پراسیسنگ‘ پراڈکٹ ڈویلپمنٹ و ویلیو ایڈیشن‘ پالیسی ایڈوکیسی و آؤٹ ریچ کے ذریعے بڑھتی ہوئی غذائی قلت کے آگے بندھ باندھا جائے گا۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ توقع ظاہر کی کہ یہ قومی پروگرام سکول جانیوالے بچوں کیلئے غذائیت سے بھرپور کھانا مہیا کرنے میں مدد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ قومی نیوٹریشن پالیسی ترتیب دینے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی کووڈ 19کے بعد کی حکمت عملی میں غذائی کمی پر قابو پانا ترجیحی ایجنڈے کا حصہ ہے اور وہ توقع رکھتی ہیں کہ اس قومی پروگرام کے آغاز کے ساتھ حکومتی ترجیحات کوعملی طو رپر انجام دینے میں بھی ملے گی۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے اپنی سربراہی میں 8وزارتوں پر مشتمل انٹرمنسٹریل ٹاسک فورس کا قیام عمل میں لارکھا ہے اور وہ چاہیں گی کہ مذکورہ ٹاسک فورس اس پروگرام کے ذریعے اپنے اہداف کو آگے بڑھائے۔انہوں نے بتایا کہ احساس نشوونما پروگرا م میں ملک بھر سے 14ایسے اضلاع میں 50نشوونما سینٹرکے ذریعے دودھ پلانے والی ماؤں‘ حاملہ خواتین اور دو سال سے کم عمر مگررُکی ہوئی نشوونما کے حامل بچوں کو ہدف بناکر کام کیا جا رہا ہے جو قومی سطح پر نشوونمارکنے کی درجہ بندی میں ٹاپ پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہرچند ملک کی بہت کم جامعات حکومتی پروگرامز میں پارٹنرہیں تاہم زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں انہیں پاک کوریا نیوٹریشن سنٹر کے ساتھ ساتھ بہت سے ایسے منصوبوں کے حوالے سے بھی جانکاری ہوئی ہے جن میں یونیورسٹی ماہرین حکومت کے متعدد پروگرامز میں حصہ دار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ احساس کے زیراہتمام مختلف پروگرامز میں تکنیکی معاونت اورمفید معلومات کی فراہمی پر وہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقراراحمد خاں (ستارہئ امتیاز) کی مشکور ہیں جن کی بدولت متعدد پروگرامز کوعملی طور پر شروع کرنے میں مدد ملی۔

انہوں نے بتایا کہ ملک کے ہر ضلع میں ون ونڈو احساس مراکز قائم کئے جا رہے ہیں جن کے ذریعے ایک ہی چھت تلے احساس کے 14مختلف منصوبوں میں شامل ہونے کیلئے اہلیت‘ احساح رجسٹریشن ڈیسک‘ فائدہ حاصل کرنے میں درپیش مشکلات کا حل‘ صارفین کی بائیو میٹرک میں مشکلات‘ پروگرام کے حوالے سے ڈیجیٹل انفارمیشن و سروس پلیٹ فارم‘ موبائل ایپ‘ مربوط قومی سماجی و معاشی رجسٹری ڈیٹا بیس اور احساس ون ونڈو کی یکساں اور مربوط ٹارگٹنگ پالیسی شامل ہے۔

احساس انڈرگریجوایٹ سکالرشپس میں 1868مستحق طلبہ کے نمائندہ طالب علموں میں چیک تقسیم کرتے ہوئے ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بتایا کہ پروگرام کے آغاز پر طے کیا گیا تھا کہ ہرسال 50ہزار سکالرشپس دیئے جائیں گے تاہم وہ اس حوالے سے بہت مطمئن اور خوش ہیں کہ گزشتہ مالی کے سال کے دوران ہدف سے 42ہزار زائد سکالرشپس تقسیم کئے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہرچند احساس سکالرشپ پروگرا م میں ضرورت مند نوجوانوں کی تعداد کہیں زیادہ ہے تاہم ان کی کوشش ہوگی کہ بجٹ کو دیکھتے ہوئے اس میں اضافہ کے امکانات کو بھی سامنے رکھا جائے۔

اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقراراحمد خاں (ستارہئ امتیاز) نے یونیورسٹی کی عمومی تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں اور خصوصی طور پر پاک کوریا نیوٹریشن سنٹر کے اغرا ض و مقاصدپر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ملک کے تمام صوبوں میں موجود پارٹنر اداروں کے ذریعے اہداف کے مطابق پیش رفت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نچلی سطح پر غذائی کمی پر قابو پانے کیلئے سستے طریقوں پر عمل کیا جانا چاہئے اور وہ سمجھتے ہیں کہ گندم کے ساتھ ایک مخصوص شرح سے اگر مکئی کا آٹا بھی شامل کر لیا جائے تو اس سے آٹے میں غذائی عناصر بڑھا کر اس پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ چند روز قبل یونیورسٹی اکیڈمک کونسل میں اس امر پر طویل غور و خو ض کیا گیا کہ کس طرح پی ایچ ڈی تحقیق کو معاشرے کی بہتری کیلئے کام میں لایا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ ماضی قریب میں یونیورسٹی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں وسیلہ روزگار پروگرام میں تین درجن سے زائد تربیتی پروگرامز کے ذریعے سینکڑوں لوگوں کو تربیت فراہم کرکے باعزت روزگار کے قابل بنا چکی ہے۔

قبل ازیں کلیہ فوڈ‘ نیوٹریشن و ہوم سائنسز کے ڈین اور پروگرام ڈائریکٹر پروفیسرڈاکٹر مسعود صادق بٹ نے کہا کہ یونیورسٹی ماہرین پنجاب فوڈ اتھارٹی کے قیام کے ساتھ ساتھ حکومت کے متعدد محکموں کے ساتھ باہمی تعاون کا حصہ ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ بڑھتی ہوئی غذائی قلت اور صحت کے بڑھتے ہوئے سالانہ بجٹ سے ملک کی مجموعی شرح نمو میں 3فیصد کمی واقع ہورہی ہے جومجموعی ترقی کے عمل میں سست روی کا شکار بنا رہی ہے لہٰذا وہ سمجھتے ہیں کہ اس اہم مسئلہ پر قابو پانے کیلئے پا ک کوریا نیوٹریشن سنٹر اہم کردار اد اکرے گا۔

تقریب سے نیوٹریشن سنٹر میں شامل 6چیئرزکے پرنسپل انویسٹی گیٹرزڈاکٹر بینش اسرار‘ ڈاکٹر عائشہ ثمین‘ ڈاکٹر کامران شریف‘ ڈاکٹر محمد عیسیٰ خان‘ڈاکٹر اللہ رکھااور ڈاکٹر انعام الرحیم نے بھی خطاب کیا۔ تقریب سے قومی پروگرام کے پارٹنر اداروں یونیورسٹی آف ٹنڈوجام کے وائس چانسلرڈاکٹر فتح اللہ مری‘ چولستان یونیورسٹی کے وائس چانسلرڈاکٹر سجاد خاں‘ قراقرم یونیورسٹی کے وائس چانسلرڈاکٹر سید عطاء للہ شاہ‘ فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی سے ڈاکٹر حوریہ عامر‘ زرعی یونیورسٹی پشاور سے ڈاکٹر ضیاء اور چلڈرن ہسپتال فیصل آباد سے ڈاکٹر عابد نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں