فیصل آباد سمیت تمام تعلیمی بورڈز گیارہویں کے امتحانی نتائج کا اعلان کل کریں گے،طلبا موبائل پر گھر بیٹھے بھی رزلٹ دیکھ سکتے ہیں

جمعرات 28 اکتوبر 2021 13:24

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اکتوبر2021ء) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد سمیت صوبہ بھر کے ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور، گوجرانوالہ، سرگودھا، ساہیوال، راولپنڈی اورلاہور بورڈز گیارہویں (انٹرمیڈیٹ پارٹ ون / فرسٹ ایئر)کے امتحانی نتائج کا اعلان کل جمعہ 29 اکتوبر کی صبح 10 بجے کریں گے جبکہ مذکورہ نتائج متعلقہ بورڈز کی ویب سائٹس پر اپ لوڈ ہونے کے علاوہ سی ڈیز پر بھی دستیاب ہوں گے اورسی ڈی ایڈوانس بکنگ کروانے کی صورت میں حاصل کی جاسکے گی اورجس بنک میں بکنگ کروائی جائے گی آج نتائج کے روز اسی بنک میں اصل چالان فارم دکھا کر سی ڈی مل سکے گی۔

مذکورہ رزلٹ بیک وقت ویب سائٹس پر جاری کئے جائیں گے نیز طلبا و طالبات گھر بیٹھے موبائل ایس ایم ایس کے ذریعے بھی اپنا نتیجہ حاصل کرسکیں گے۔

(جاری ہے)

اعلیٰ و ثانوی تعلیمی بورڈ فیصل آباد کی کنٹرولر امتحانات پروفیسر شہناز علوی نے اے پی پی کو بتایا کہ حکومت کی کووڈ پالیسی کے مطابق نتائج انتہائی شفاف طریقے سے بھرپور محنت کے ساتھ تیار کئے گئے ہیں لیکن اس بار پوزیشن ہولڈرز کا اعلان نہیں کیا جا ئے گا۔

انہوں نے بتایا کہ گیارہویں (انٹرمیڈیٹ پارٹ ون / فرسٹ ایئر)کے امتحان سالانہ 2021 کے نتائج معلوم کرنے کیلئے طلبا و طالبات اعلیٰ و ثانوی تعلیمی بورڈ فیصل آباد کیلئے اپنا رول نمبر 800240پر،ڈیرہ غازی خان بورڈ کے طلبا 800295،گوجرانوالہ کے 800299،راولپنڈی کے 800296، بہاولپور کے 800298،سرگودھا کے 800290،ساہیوال کے800292 اور ملتان کے طلبا و طالبات اپنا رول نمبر800293 پر بذریعہ ایس ایم ایس سینڈ کر کے اپنا نتیجہ گھر بیٹھے معلوم کر سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد کے زیراہتمام ہونے والے گیارہویں (انٹرمیڈیٹ پارٹ ون / فرسٹ ایئر)کے سالانہ امتحان2021 کے نتائج ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد کی ویب سائٹ www.bisefsd.edu.pk پر ملاحظہ کرنے کے علاوہ ایس ایم ایس سروس کے ذریعے بھی معلوم کئے جاسکیں گے جس کا طریقہ یوں ہے کہ امیدوار موبائل فون پر اپنا رول نمبر لکھ کر 800240پر ایس ایم ایس سینڈ کریں گے جس کے فوری بعد اسے رزلٹ سے متعلق جوابی ایس ایم ایس موصول ہو جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق طلباوطالبات کے مسائل حل کرنا ان کی اولین ترجیح ہے یہی وجہ ہے کہ نتائج بھی انتہائی محنت،ذمہ داری، احتیاط اور صوبائی کابینہ سے منظور شدہ کووڈ19 امتحانی پالیسی کے تحت مرتب کئے گئے ہیں تاکہ کسی بچے کی حق تلفی نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی امتحانی پالیسی دیکھنا چاہے تو وہ ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد کی ویب سائٹ سے ملاحظہ کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی بی سی سی نے حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں بچوں کے بہترین مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسی پالیسی مرتب کی تاکہ کسی بھی بچے کے ساتھ کوئی ظلم یا زیادتی نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ بچے قوم کا مستقبل ہیں اور انہی بچوں نے ہی کل کو اس ملک کی باگ ڈور سنبھالنا ہے ۔یہی وجہ ہے کہ کووڈ 19کی وجہ سے حکومتی ہدایات کے مطابق طلباوطالبات کے وسیع تر مفاداور ان کے شاندار مستقبل کے پیش نظر نتائج انتہائی احتیاط اور بھرپور توجہ ومحنت سے تیار کئے گئے ہیں تاکہ کسی بچے کی حق تلفی نہ ہو اور اسے اس کی محنت کا بھرپور ثمر ملے۔

انہوں نے کہا کہ  جس بنک میں سی ڈی کے حصول کیلئے ایڈوانس بکنگ کروائی جائے گی نتائج کے روز 10 بجے دن سی ڈی بھی اسی بنک میں جمع کروائی گئی فیس کا اصل چالان فارم دکھا کر حاصل کی جا سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں اگر کسی کو مزید معلومات درکار ہوں تو وہ بورڈ کی ویب سائٹ یا کنٹرولر امتحانات مسز شہناز علوی کے فون نمبر 0412517710 پر رابطہ کر سکتا ہے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں