لیبارٹری ہائر سیکنڈری سکول سسٹم زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحان میں مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کے لئے تقسیم انعامات کی تقریب کا انعقاد کیا گیا

جمعرات 2 دسمبر 2021 18:08

لیبارٹری ہائر سیکنڈری سکول سسٹم زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحان میں مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کے لئے تقسیم انعامات کی تقریب کا انعقاد کیا گیا
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 دسمبر2021ء) لیبارٹری ہائر سیکنڈری سکول سسٹم زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحان میں مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کے لئے تقسیم انعامات کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلرڈاکٹر اقرار احمد خاں کی ہدایت پر منعقدہ تقریب میں پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انس سرور قریشی مہمان خصوصی تھے جبکہ ٹریژرر عمر سعید قادری، پرنسپل آفیسر لیبارٹری سکول و کالج سسٹم ڈاکٹر انجم ضیاء، ہیڈماسٹر بوائز سیکشن خالد محمود اور ہیڈمسٹریس گرلز سیکشن شہلہ حماد و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

ماضی کی درخشندہ روایات کو آگے بڑھاتے ہوئے اس سال میٹرک امتحانات میں تین ہونہار طالبات بشریٰ مجتبیٰ، آمنہ رحمان اور حافظہ مریم نورین نے گیارہ سو میں سے گیارہ سو نمبر حاصل کر کے سکول کی سطح پر نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔

(جاری ہے)

نویں جماعت کے نتائج میں چار طالبات سارہ ریاض، یمنی زینب، زوہا اقبال اور انشاء الماس نے پانچ سو میں سے پانچ سو نمبر حاصل کئے۔

بوائز سیکشن میں سے عبداللہ محمود نے 1098نمبر لے کر پہلی، بلال اکرم نے 1094نمبر لے کر دوسری جبکہ محمد حمزہ نے 1089نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ایف ایس سی میں فائزہ رحمان نے 1082، عفیفہ خرم نے 1049 اور علی رضا نے 1032نمبر حاصل کئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر انس سرور قریشی نے کہا کہ قوموں کی ترقی کا راز معیاری تعلیم اور ہنرمندافرادی قوت میں مضمر ہے۔

انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنے قلوب کو تعلیم کی روشنی سے منور کرتے ہوئے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ وائس چانسلرڈاکٹر اقرار احمد خاں کی سربراہی میں زرعی یونیورسٹی میں طلبہ کی خداداد صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے تمام کاوشیں بروئے کار لائی جا رہی ہیں تاکہ ہنرمند افرادی قوت کی فراہمی سے ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لئے اقدامات کئے جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے میں وقوع پذیر ہونے والے بگاڑ کی وجہ سے ملکی سطح پر بے پناہ چیلنجز کا سامنا ہے جس پر قابو پانے کے لئے اسلام کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہوتے ہوئے زندگی گزارنا ہو گی۔ اس موقع پر ٹریژرر عمرسعید قادری نے کہا کہ گزشتہ چند دہائیوں سے سائنس میں ترقی کی بدولت دنیا گلوبل ویلج بن کر سامنے آئی ہے طلبہ کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے عالمی سطح پر ہونے والی جدید علوم سے استفادہ کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ 19ویں صدی کے آخر میں قحط پیدا ہونے کی وجہ سے فیمن کمیشن کا قیام عمل میں لایا گیا تھا جس کی سفارشات پر برصغیر میں پہلا زرعی تحقیقاتی کالج 1906ء میں قائم کیا گیا جس کو 1961ء میں یونیورسٹی کے درجے پر فائز کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ز رعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلرڈاکٹر اقرار احمد خاں کی سربراہی میں زرعی یونیورسٹی ملک میں فوڈ سکیورٹی اور ہنرمند افرادی قوت کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے۔

پرنسپل آفیسر ڈاکٹر انجم ضیاء نے کہا کہ لیبارٹری سکول سسٹم میں طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے تمام وسائل فراہم کئے جا رہے ہیں تاکہ وہ علم کے حصول سے معاشرے میں اپنا مقام حاصل کر سکیں۔ انہوں نے ہونہار طلبہ کے اساتذہ اور والدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی مزید کامیابیوں کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں