زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے پروفیسر ڈاکٹر محمد عبدالمجید مرحوم کے تعلیمی و تحقیقی خدمات کے اعتراف میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد نیو سینیٹ ہال میں کیا گیا

جمعرات 27 جنوری 2022 17:41

زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے پروفیسر ڈاکٹر محمد عبدالمجید مرحوم کے تعلیمی و تحقیقی خدمات کے اعتراف میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد نیو سینیٹ ہال میں کیا گیا
فیصل آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 27 جنوری 2022ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے پروفیسر ڈاکٹر محمد عبدالمجید مرحوم کے تعلیمی و تحقیقی خدمات کے اعتراف میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد نیو سینیٹ ہال میں کیا گیا۔فیکلٹی آف ویٹرنری سائنسز کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں مہمان خصوصی زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خاں تھے جبکہ اس موقع پر پرووائس چانسلر ڈاکٹر انس سرور قریشی،مذہبی سکالر امجد اظہر، ڈاکٹر غلام محمد،ڈاکٹر طارق جاویداور ڈاکٹر سہیل ساجد نے بھی خطاب کیا۔

وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالمجید مرحوم کا شمار فیکلٹی آف ویٹرنری سائنسز کے بانیوں میں ہوتا ہے جنہوں نے ملکی سطح پر ویٹرنری سائنسز کی تعلیم کے فروغ کے لئے گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ ایم ایس سی ویٹرنری سائنسز کی ڈگری حاصل کرنے والے پاکستان کے پہلے طالب علم تھے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالمجید کو  63ریسرچ پیپر اور 2 ٹیکسٹ بکس لکھنے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔

ڈاکٹر انس سرور قریشی نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالمجید کی شفقت اور علمی بصیرت ان کا قرعہ امتیاز تھی  جو کہ طلبا کی خدادا صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے کوشاں رہتے تھے۔انہوں نے 1960میں واشنگٹن سٹیٹ یونیورسٹی امریکہ سے ویٹرنری میڈیسن میں ایم ایس کی ڈگری حاصل کی جبکہ 1973میں زرعی ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔انہوں نے کہا کہ ان کی شخصیت پر ڈاکٹر عبدالمجید مرحوم اور ڈاکٹر اسحاق قریشی مرحوم کاخاص اثر تھا جنہوں نے دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینوی تعلیم میں بھی راہنمائی کی۔

مذہبی راہنماامجد اظہر نے کہا کہ قرآن و سنت پر عمل پیرا ہو کر ہی ہم دنیاوی و اخروی کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ دن کا کچھ حصہ قرآن و سنت کو سمجھنے کے لئے وقف کریں تاکہ وہ اللہ کی ہدایت کی روشنی اور اسوہ حسنہ سے اپنی زندگیوں کو منور کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ عہد حاضر میں دینی تعلیم کو عام کر نے کے لیے ہمیں اپنا بھر پور کر دار ادا کرنا ہوگاتاکہ اسلامی روایات پر مبنی قوم کی تشکیل کی جا سکے۔اس موقع پر ڈاکٹر سہیل ساجد نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالمجید مرحوم نے اپنی ساری زندگی تعلیم و تدریس کے لئے وقف کر دی تھی۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں