جامعہ زرعیہ نے مین کیمپس فیصل آباد سمیت ٹوبہ ٹیک سنگھ، بورے والا اور دیپالپور اوکاڑہ سب کیمپسز میں انڈرگریجوایٹ ڈگری پروگرامز میں داخلوں کا اعلان کر دیا

منگل 17 مئی 2022 22:55

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2022ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آبادنے مین کیمپس فیصل آباد سمیت ٹوبہ ٹیک سنگھ،بورے والا اور دیپالپور اوکاڑہ سب کیمپسز میں انڈرگریجوایٹ ڈگری پروگرامز میں داخلوں کا اعلان کر دیا ہے۔ کنوینر ایڈمشن کمیٹی ڈاکٹر رانا ندیم عباس نے اے پی پی کو بتایا کہ یونیورسٹی اور سب کیمپسز میں بنیادی سائنسز مضامین سمیت بی ایس سی (آنرز) ایگریکلچرل سائنسز، بی ایس سی (آنرز) انوائرمنٹل سائنسز، بی ایس فارسٹری، بی ایس سی ایگریکلچرل انجینئرنگ، فوڈ انجینئرنگ، انوائرمنٹل انجینئرنگ،انرجی سسٹم انجینئرنگ،ٹیکسٹائل ٹیکنالوجی، ڈی وی ایم، فارم ڈی، بی ایس سی (آنرز) مائیکروبیالوجی، بی ایس اینمل سائنسز،بی ایس ڈیری سائنسز، ایگرکلچرل و ریسورس اکنامکس، بی ایس اکنامکس، بی ایس ایجوکیشن، بی بی اے، بی ایس کامرس،بائیوانفارمیٹکس، کمپیوٹر سائنس، انفارمیشن ٹیکنالوجی و سافٹ ویئر ٹیکنالوجی، بی ایس سی (آنرز) ہیومن نیوٹریشن و ڈائی ٹیٹکس، ہوم اکنامکس، فوڈ سائنس و ٹیکنالوجی، بی ایس میتھی میٹکس،بی ایس انگلش، بی ایس سی (آنرز) پولٹری سائنس جیسے 50سے زائد انڈرگریجوایٹ ڈگری پروگرامز میں داخلوں کیلئے آن لائن رجسٹریشن کا عمل شروع ہوگیا ہے جو 27مئی تک جا ری رہے گا اور اس دوران امیدواربینک میں انٹری ٹیسٹ رجسٹریشن فیس (ایک ہزار روپے) جمع کروائے گا جبکہ 28 مئی کو تعلیمی کاغذات،کاپی شناختی کارڈ، ب فارم اور تصویر اپ لوڈ کئے جا سکیں گے جس کے بعد انٹری ٹیسٹ 5 جون کو ساڑھے دس بجے دن لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ملک بھر سمیت آزاد کشمیر سے انٹری ٹیسٹ میں حصہ لینے کے خواہش مند امیدوار مرکزی کیمپس سمیت لاہور،گوجرانوالہ، راولپنڈی،سرگودھا،لیہ، ملتان، رحیم یار خان، بہاولپور،ٹوبہ ٹیک سنگھ، بورے والا اور دیپالپور سینٹر پر امتحان میں شامل ہوسکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ انٹری ٹیسٹ کیلئے تمام رجسٹریشن آن لائن ہوگی جس کی راہنمائی کیلئے یونیورسٹی ویب سائٹ www.uaf.edu.pk ملاحظہ اور آن لائن اپلائی کیلئے ویب سائٹ پورٹل Admissions.uaf.edu.pk وزٹ کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آن لائن رجسٹریشن میں کسی بھی مشکل کی صورت میں امیدوارفون نمبر 041-9201146پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں