25جولائی کو الیکشن نتائج سیاسی دشمنوں کی آنکھیں کھول دیں گے،رانا ثناء اللہ

جمعہ 20 جولائی 2018 23:37

25جولائی کو الیکشن نتائج سیاسی دشمنوں کی آنکھیں کھول دیں گے،رانا ثناء اللہ
فیصل آباد۔20جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2018ء) سابق صوبائی وزیر قانون ،مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار برائے حلقہ این اے 106رانا ثنا ء اللہ خاں نے کہا ہے کہ عوام ملک کے روشن مستقبل اور دیرپا ترقی کو ووٹ دیں گے۔ جھوٹے اور عوام کو گمراہ کرنے والے اقتدار میں نہیں آ سکتے، مستقبل شیر کا ہی ہے، بجلی کے پیداواری منصوبوں سے لے کر ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالنے والے اقتدار میں آئینگے،کارکن ہی مسلم لیگ (ن) کااصل اثاثہ اور پارٹی کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور کارکنوں کو ان کا جائز مقام دینا ہی پارٹی پالیسی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز جھنگ روڈ بھولا گجر کے ڈیرہ پر الیکشن مہم کے دوران بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن کی طرف سے منقعدہ ورکرز کنونشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

میاں اجمل آصف ،ظفر اقبال ناگرہ، صدر بھٹہ مالکان چوہدری عبدالرزاق باجوہ ،حاجی محمد الطاف،حاجی محمد اسلام، چوہدری غلام سرور گجر،چوہدری اشرف گجر،عثمان اشرف گجر،محمد کاشف چوہدری،چوہدری گلام مصطفی،میاں محمد یوسف، رانا صدیق بلو،صدر سبزی مندی میاں عامر حنیف ،مہر یوسف مست،چیئر مینوں، وائس چیئر مینوں، کونسلرزاورکارکنوں کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی ۔

چوہدری غلام سرور گجر نے اپنی برادری کی طرف سے مکمل حمایت کی یقین دہانی بھی کروائی۔سابق صوبائی وزیر نے کہا کہ وسائل کا شفاف اور دیانتدارانہ استعمال یقینی بنا کر مسلم لیگ(ن) نے نئی تاریخ رقم کی، قومی وسائل کی پائی پائی بھی ایمانداری سے فلاح عامہ کے پروگراموں پر صرف کی جا رہی ہے۔ نواز شریف اور شہباز شریف کا کارکردگی میں مقابلہ نہ کر پانے والے اب آئیں بائیں اور شائیں کر رہے ہیں اور انہیں وہ نام نہاد تبدیلی یاد آ رہی ہے جس پر وہ 5برسوں میں کے پی کے میں عمل نہیں کر سکے۔

انشاء اللہ25جولائی کو الیکشن نتائج سیاسی دشمنوں کی آنکھیں کھول دیں گے۔ انہوںنے کہا کہ اب انشاء اللہ 25 جولائی کو شیر بھاری اکثریت سے اپنے حریفوں کو ہرائیں گے۔ سازشیوں کی سازشیں ملیامیٹ ہو جائیں گی۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں