فیصل آباد میں دوہرے قتل کی واردات کا معمہ حل ہو گیا

دونوں بہنوں کا قاتل ان کا رشتہ دار نکلا،ملزم نے شادی کی خواہش پوری نہ ہونے پر ملزم نے خواتین کو قتل کیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس منگل 16 اکتوبر 2018 19:14

فیصل آباد میں دوہرے قتل کی واردات کا معمہ حل ہو گیا
فیصل آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-16 اکتوبر 2018ء) :فیصل آباد میں دوہرے قتل کی واردات میں مقتولہ خواتین کا رشتہ دار ملوث نکلا۔ملزم نے شادی کی خواہش پوری نہ ہونے پر خواتین کو قتل کیا۔تفصیلات کے مطابق 12 اکتوبر کی رات فیصل آباد میں دوہرے قتل کی لرزہ خیز واردات سامنے آئی تھی۔فیصل آباد کی رہائشی خواتین اپنے سسرال سے کچھ دن گزارنے اور اپنے میکے والوں سے ملنے اپنے ماں باپ کے گھر آئیں تاہم یہاں پہلے سے موت انکی منتظر بیٹھی تھی۔

اس پر اسرار قتل کی واردات کا خلاصہ کچھ یوں ہے کہ یہ دونوں بہنیں اپنے میکے والوں سے ملنے بٹالہ کالونی پہنچیں جہاں انہیں بے دردی سے قتل کردیا گیا۔قتل کرنے سے پہلے انہیں بے ہوش کرنے کے لیے کچھ کھلایا گیا جس پر دونوں بہنیں بے ہوش ہو گئیں جس کے بعد قاتل نے دونوں بہنوں کے ہاتھ پاوں باندھ دئیے اور اس کے بعد ان دونوں کے گلے تیز دھار آلے سے کاٹ دئیے۔

(جاری ہے)

تاہم جلد ہی انکے اہلخانہ کو انکی موت کا علم ہوا تو گھر میں کہرام مچ گیا۔پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ابتدائی شواہد حاصل کئیے۔پولیس نے مقتولہ خواتین کے خاوندوں کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا ۔اس ضمن میں پولیس وہاں موجود اہل محلہ اور سی سی ٹی وی فوٹیج سے مدد لے رہی تھی۔تاہم تازہ ترین خبر کے مطابق اس دوہرے قتل کی بھیانک واردات کا معمہ حل ہو چکا ہے۔

دونوں بہنوں کو انہی کے ایک رشتہ دار نے قتل کیا تھا۔پولیس کے مطابق ملزم مقتولہ خواتین میں سے ایک خاتون سے شادی کرنا چاہتا تھا مگر اسکی یہ خواہش پوری نہ ہو سکی ،جس کے بعد ملزم نے یہ گھناونا منصوبہ بنایا اور اس خاتون کے آنے پر ملزم ان کے گھر پہنچا اور دونوں کو بے دردی سے قتل کر ڈالا۔پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے حوالات میں منتقل کردیا ہے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں