فیصل آباد ‘شہر صنعتوں اور مزدوروںکا ‘سابقہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے زبوں حالی کا شکار ہوا‘گورنر پنجاب

پیر 12 نومبر 2018 17:56

فیصل آباد ‘شہر صنعتوں اور مزدوروںکا ‘سابقہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے زبوں حالی کا شکار ہوا‘گورنر پنجاب
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 نومبر2018ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ فیصل آباد صنعتوں اور مزدوروںکا شہر ہے لیکن سابقہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ٹیکسٹائل صنعت زبوں حالی کا شکار رہی ۔ شعبہ صنعت ‘ ٹیکسٹائل اور کامرس کی ترقی و استحکام کے لئے اب صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کی مشاورت سے پالیسیاں وضع کی جائیں گی تاکہ صنعتوں کا پہہ چلتا رہے اور برآمدات میں زیادہ سے زیادہ اضافہ ہو جس سے روزگار کے خاطر خواہ مواقع پیدا ہوں گے اور مزدور طبقہ کی معاشی حالت بہتر ہو گیپارٹی ورکرز کو قابل احترام اورباوقار مقام دینے کا تہہ کیا ہوا ہے کیونکہ ان کی جدوجہد اور محنت سے ہی پاکستان تحریک انصاف برسراقتدار آئی ہے ۔

وہ اپنے دورہ کے دوران مقامی ہوٹل میں ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفاقی پارلیمانی سیکرٹری ریلویز میاں فرخ حبیب ‘ صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکیشن حافظ ممتاز احمد دیگر ارکان اسمبلی فیض الله کموکا ‘ شیخ خرم شہزاد ‘ رضا نصرالله گھمن ‘ راجہ ریاض احمد ‘ نواب شیر وسیر ‘ میاں وارث عزیز ‘ شکیل شاہد ‘ لطیف نذر ‘ خیال کاسترو ‘عادل پرویز گجر ‘ چیئرمین ایف ڈی اے ڈاکٹر اسد معظم ‘وائس چیئرمین واسا شیخ شاہد جاوید اور بڑی تعداد میں پارٹی کارکن موجود تھے ۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے پارٹی ورکرز کو مبارکباد دیتے ہوئے اہلیان فیصل آباد کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف پر بھر پور اعتماد کرتے ہوئے عمران خان کو وزیر اعظم بنایا اور اب تمام ارکان اسمبلی بھر پور محنت اور خدمت سے نئے پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر کریں گے اور عوام عنقریب مثبت تبدیلی کے واضح اثرات دیکھیں گے ۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ مخلص پارٹی کارکنوں سے ہی پارٹی کے وقار اور نیک نامی میں اضافہ ہوتا ہے جو پارٹی اپنے کارکنوں کو عزت نہیں دیتی وہ کبھی کامیاب نہیں ہو سکتی لہذا پارٹی کی سطح پر تمام فیصلوں میں کارکنوں کو اعتماد میں رکھا جائے گا اور ان کی مشاورت سے ہی پارٹی عہدے اور مختلف کمیٹیوں میں انہیں نمائندگی دی جائے گی ۔ انہوں نے ارکان اسمبلی کی عوامی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پارٹی قائدین سے ملاقات کے دوران ہمیشہ علاقائی ترقی اور کارکنوں کے مسائل حل کرنے کی بات کی ہے یہ ان کی عوام اور پارٹی کارکنوں سے گہری محبت کا ثبوت ہے ۔

گورنر پنجاب نے یقین دلایا کہ پارٹی کارکنوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے اور گورنر ہائوس کے دروازے پارٹی کارکنوں کے لئے ہر وقت کھلے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنوں سے گہرا رابطہ رہے گا اور وہ آئندہ بھی کارکنوں سے تفصیلی ملاقات کرکے پارٹی کو مضبوط بنانے اور بلدیاتی انتخابات کے بارے میں متفقہ پالیسی اختیار کی جائے گی ۔

انہوں نے پارٹی کارکنوں سے کہا کہ وہ عوام کی خدمت اور پارٹی کو مستحکم کرنے میں اپنا متحرک اور فعال کردار ادا کریں تاکہ مثالی طرز حکومت سے نئے پاکستان اور تبدیلی کا وعدہ پورا ہو سکے ۔بعدازاں گورنر پنجاب نے سرکٹ ہائوس میں ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ گورنر چوہدری محمد سرور نے جی سی یونیورسٹی چنیوٹ کیمپس کا سنگ بنیاد بھی رکھا اس سلسلے میں ایک تقریب سرکٹ ہائوس میں ہی منعقد ہوئی ۔

وائس چانسلر پرورفیسر ڈاکٹر محمد علی اور مختلف شعبوں کے ڈینز اور ڈائریکٹرز بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اعلی تعلیم کی سہولیات پسماندہ علاقوں تک پہنچانا موجودہ حکومت کا مشن ہے ۔انہوں نے جی سی یونیورسٹی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ چنیوٹ سب کیمپس کے قیام کے امور میں تیزی سے پیش رفت کی جائے تاکہ مقامی طلبا و طالبات کو ان کی دہلیز پر اعلی تعلیم کی سہولیات جلد حاصل ہو سکیں

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں