خواتین قیدیوں کی فلاح و بہبود اور بھلائی کے منصوبوں میںمعاونت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، بیگم گورنر پنجاب

جمعرات 13 دسمبر 2018 23:55

فیصل آباد۔13 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) بیگم گورنر پنجاب پروین سرور نے کہا ہے کہ خواتین قیدیوں کی فلاح و بہبود اور بھلائی کے منصوبوں میںمعاونت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ ان کی مشکلات میں کمی آئے اور وہ رہائی کے بعد معاشرے میں قابل عزت انداز میں زندگی بسر کر سکیں ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ جیل کے دورہ کے دوران محفل میلاد کے بعد سرور فائونڈیشن کی طرف سے خواتین قیدیوں میں موسم سرما کے ملبوسات تقسیم کرتے ہوئے کیا ۔

ڈی آئی جی جیل خانہ جات عبدالرئوف رانا ‘ سپرنٹنڈنٹ جیل شیخ افضل جاوید اور دیگر جیل افسران کے علاوہ سوشل ویلفیئر آفیسر عائشہ جمیل ‘چوہدری محمد اصغر ‘ سہیل احمد ‘ مسز صفیہ حیات اور دیگر سوشل ورکر خواتین اس موقع پر موجود تھیں ۔

(جاری ہے)

بیگم گورنر پنجاب نے اسلامی معاشرے میں عورت کے اعلی مقام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ الله تعالی پر کامل یقین رکھتے ہوئے صاف ستھری اور جرائم سے پاک زندگی گزارنی چاہئے اور ہمیشہ صبر وتحمل ‘ برداشت اور بردباری سے کام لیا جائے تاکہ جیل تک پہنچنے کی نوبت نہ آئے ۔

انہوں نے کہا کہ قیدی خواتین جیل میں قیام کے دوران دینی و عصری تعلیم اور مختلف پیشہ وارانہ فنون سیکھنے پر توجہ دیں ۔ خواتین قیدیوں کو ہنر سیکھنے کے لئے سلائی مشینوں سمیت دیگر وسائل بھی فراہم کریں گے جبکہ اس سے قبل واٹر فلٹریشن پلانٹ کی سہولت فراہم کی جا چکی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سرور فائونڈیشن کے زیر اہتمام ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرامز پر بھر پور انداز میں عملدرآمد کیا جارہا ہے جس کے تحت پینے کے صاف پانی ‘ لیبارٹری ٹیسٹ ‘ ادویات کی سہولت فراہم کی جارہی ہے اور میڈیکل موبائل یونٹ کا قیام بھی عمل میں لایا جارہا ہے قبل ازیں محفل میلاد کے دوران خواتین قیدیوں نے نعت خوانی کی جبکہ ان کے ساتھ بچوں نے ٹیبلو پیش کیا ۔

بیگم گورنر پنجاب نے خواتین کی مذہبی دلچسپی اور نعت خوانی کو بے حد سراہا ۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں