گورنر پنجاب کی اہلیہ کا ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ ،

محفل میلاد میں شرکت ، خواتین قیدیوں سے ملاقات ،ملبوسات تقسیم کئے خواتین قیدیوں کی فلاح و بہبود اور بھلائی کے منصوبوں میںمعاونت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، پروین سرور

جمعہ 14 دسمبر 2018 19:01

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 دسمبر2018ء) بیگم گورنر پنجاب پروین سرور نے کہا ہے کہ خواتین قیدیوں کی فلاح و بہبود اور بھلائی کے منصوبوں میںمعاونت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ ان کی مشکلات میں کمی آئے اور وہ رہائی کے بعد معاشرے میں قابل عزت انداز میں زندگی بسر کر سکیں ۔انہوں نے یہ بات ڈسٹرکٹ جیل کے دورہ کے دوران محفل میلاد کے بعد سرور فائونڈیشن کی طرف سے خواتین قیدیوں میں موسم سرما کے ملبوسات تقسیم کرتے ہوئے کہی ۔

ڈی آئی جی جیل خانہ جات عبدالرئوف رانا ‘ سپرنٹنڈنٹ جیل شیخ افضل جاوید اور دیگر جیل افسران کے علاوہ سوشل ویلفیئر آفیسر عائشہ جمیل ‘چوہدری محمد اصغر ‘ سہیل احمد ‘ مسز صفیہ حیات اور دیگر سوشل ورکر خواتین اس موقع پر موجود تھیں ۔

(جاری ہے)

بیگم گورنر پنجاب نے اسلامی معاشرے میں عورت کے اعلی مقام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ الله تعالی پر کامل یقین رکھتے ہوئے صاف ستھری اور جرائم سے پاک زندگی گزارنی چاہئے اور ہمیشہ صبر وتحمل ‘ برداشت اور بردباری سے کام لیا جائے تاکہ جیل تک پہنچنے کی نوبت نہ آئے ۔

انہوں نے قیدی خواتین کے لئے آسانیوں کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ وہ جیل میں قیام کے دوران دینی و عصری تعلیم اور مختلف پیشہ وارانہ فنون سیکھنے پر توجہ دیں ۔انہوں نے کہا کہ خواتین قیدیوں کو ہنر سیکھنے کے لئے سلائی مشینوں سمیت دیگر وسائل بھی فراہم کریں گے جبکہ اس سے قبل واٹر فلٹریشن پلانٹ کی سہولت فراہم کی جا چکی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سرور فائونڈیشن کے زیر اہتمام ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرامز پر بھر پور انداز میں عملدرآمد کیا جارہا ہے جس کے تحت پینے کے صاف پانی ‘ لیبارٹری ٹیسٹ ‘ ادویات کی سہولت فراہم کی جارہی ہے اور میڈیکل موبائل یونٹ کا قیام بھی عمل میں لایا جارہا ہے ۔

انہوںنے بہترین انتظامی و حفاظتی انتظامات اور عمدہ صفائی ستھرائی پر جیل انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا ۔ڈی آئی جی جیل خانہ جات عبدالرئوف رانا نے بیگم گورنر پنجاب کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے جیل میںجاری اصلاحی پروگرامز کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور کہا کہ خواتین قیدیوں کی فلاح و بہبود اور اصلاح پر ترجیحی بنیادوںپر توجہ دی جاتی ہے جن کے لئے جیل ٹیوٹا کے زیر اہتمام ووکیشل ادارہ قائم ہے ۔ قبل ازیں محفل میلاد کے دوران خواتین قیدیوں نے نعت خوانی کی جبکہ ان کے ساتھ بچوں نے ٹیبلو پیش کیا ۔ بیگم گورنر پنجاب نے خواتین کی مذہبی دلچسپی اور نعت خوانی کو بے حد سراہا ۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں