بچے کے ہاتھوں گولی لگنے سے ماں کے قتل کا معاملہ نیا رخ اختیار کر گیا

حنا کا شوہر رضوان اس پر ظلم کرتا تھا اسی نے بیوی کو قتل کیا۔ خاتون کے اہل خانہ کا الزام

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 25 مارچ 2019 12:48

بچے کے ہاتھوں گولی لگنے سے ماں کے قتل کا معاملہ نیا رخ اختیار کر گیا
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 مارچ2019ء) فیصل آباد میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ماں کی موت کا سبب اس کا اپنا 7 سالہ بیٹا بن گیا۔،میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ فیصل آباد میں 7 سالہ بچے اذہان نے پستول سے ماں پر گولی چلا دی۔بچہ پستول کو کھلونا سمجھ کر کھیل رہا تھا۔گولی لگنے سے 27 سالہ خاتون جاں بحق ہو گئیں۔تاہم اب بچے کے ہاتھوں گولی لگنے سے ماں کے قتل کا معاملہ نیا رخ اختیار کر گیا ہے اور خاتون کے قتل کا شک ان کے اپنے شوہر پر جا رہا ہے۔

خاتون کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ حنا اپنے بیٹے کے ہاتھوں غلطی سے گولی کا نشانہ نہیں بنی بلکہ حنا کو اس کے شوہر رضوان نے مارا ہے۔خاتون کی بہن کا کہنا تھا کہ حنا کا شوہر اس پر ظلم کرتا تھا اور ایک سال قبل بھی اس پر فائرنگ کی تھی جس کے بعد وہ خوفزہ ہو کر میرے گھر آ گئی تھی۔

(جاری ہے)

پولیس نے خاتون کے شوہر کو حراست میں لے لیا ہے اور تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

تاہم خاتون کے شوہر کا کہنا ہے کہ وہ سو رہا تھا اور فائرنگ کی آواز سے آنکھ کھلی جب اٹھا تو بیوی کو خون میں لت پت پایا۔جس پر بڑے بیٹے نے بتایا کہ چھوٹے بھائی کے ہاتھوں پستول سے گولی چل گئی جس سے والدہ جاں بحق ہو گئیں۔پولیسذرائع کے مطابق یہ واقعہ جھنگ بازار میں پیش آیا جب کہ لاش اپنی تحویل میں لے لی گئی ہے۔واضح رہے اس سے قبل بھی کئی ایسے واقعات پیش آ چکے ہیں۔

جب پستول صاف کرتے ہوئے لوگ گولی کا نشانہ بن جاتے ہیں۔جب کہ اکثر اوقات ایسا بھی ہوتا ہے کہ بچے کھلونا سمجھ کر پستول سے کھیل رہے ہوتے ہیں کہ گولی چل جاتی ہے۔ایسا ہی ایک واقعہ آزاد کشمیر میں بھی پیش آیا تھا،آزاد کشمیر کے شہر پلندری میں کھیل کھیل میں 2سگی بہنوں کی جان چلی گئی، بچے اصلی پستول کو کھلونا پستول سمجھ کر کھیل رہے تھے کہ گولی چل گئی۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں