گرل گائیڈز کو امپاور کر کے بہترین معاشرے کی تشکیل میں مدد لی جا سکتی ہے،

طالبات کو دیگر خواتین کی طرح زندگی میں کامیابی و کامرانی سے آگے بڑھنا اور ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنا ہو گا قدرتی آفات ، قومی سانحات اور بڑے ناگہانی واقعات و حادثات میں بھی گرل گائیڈز کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ،خواتین ہینڈی کرافٹس میں مہارت حاصل کر کے بہترین مالی منافع حاصل کر سکتی ہیں ہمیں پاکستانی ہونے پر فخر اور پاکستانی مصنوعات استعمال کرتے ہوئے ملکی قومی صنعت کے فروغ سے قیمتی زر مبادلہ بچانا ہو گا گورنر پنجاب کی اہلیہ بیگم پروین سرور کا جامعہ زرعیہ فیصل آباد میں گرل گائیڈز کی تقریب سے خطاب

پیر 21 اکتوبر 2019 17:22

گرل گائیڈز کو امپاور کر کے بہترین معاشرے کی تشکیل میں مدد لی جا سکتی ہے،
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2019ء) :گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی اہلیہ بیگم پروین سرور نے کہاہے کہ گرل گائیڈز کو امپاور کر کے بہترین معاشرے کی تشکیل میں مدد لی جا سکتی ہے لہٰذا طالبات کو دیگر خواتین کی طرح زندگی میں کامیابی و کامرانی سے آگے بڑھنا اور ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنا ہو گا جبکہ قدرتی آفات ، قومی سانحات اور بڑے ناگہانی واقعات و حادثات میں بھی گرل گائیڈز کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا نیزخواتین ہینڈی کرافٹس میں مہارت حاصل کر کے جہاں بہترین مالی منافع حاصل کر سکتی ہیں، وہیں ہمیں پاکستانی ہونے پر فخر اور پاکستانی مصنوعات استعمال کرتے ہوئے ملکی قومی صنعت کے فروغ سے قیمتی زر مبادلہ بچانا ہو گا ۔

پیر کی دوپہر جامعہ زرعیہ فیصل آباد میں گرل گائیڈز اینڈ بوائے سکائوٹس کی تقریب سے خطاب میں گورنر پنجاب کی اہلیہ نے کہا کہ حکومتیں آتی اور جاتی رہتی ہیں مگر ادارے ہمیشہ قائم و دائم رہتے ہیں لہٰذاگرل گائیڈ اور بوائے سکائوٹس کا ادارہ بھی ہمیشہ اسی طرح رہے گا بلکہ اس میں روز افزوں مزید بہتری کے مواقع بھی پیدا ہوتے رہیں گے اسلئے اس ادارے کو سیاست سے ماورا تصور کرتے ہوئے اسے ایک مشن کی شکل دینا ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پاکستان آرمی کے بعد بوائے سکائوٹس اینڈ گرلز گائیڈ کی تنظیم دوسری سب سے منظم اور ڈسپلنڈ تنظیم ہے ۔انہوںنے کہا کہ اگرچہ اس کے رضا کاران کی تعداد کچھ کم ہے تاہم ہمیں اس میں اضافہ کیلئے ضروری اقدامات اٹھانا ہو ں گے۔انہوںنے کہا کہ قبل ازیں صرف سرکاری سکولوں میں ہی گرل گائیڈ او ربوائے سکائوٹس کی تنظیمیں موجود ہیں تاہم دیگر ترقی یافتہ ممالک کی طرح ہمیں ان تنظیموں کو پرائیویٹ و نجی تعلیمی اداروں میں بھی متعارف کروانا ہو گا۔

انہوںنے کہا کہ گرل گائیڈ کو امپاور کر کے معاشرے کی بہت سی اصلاحات میں معاونت لی جا سکتی ہے۔انہوںنے کہا کہ طالبات کو اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے تعلیم کے ساتھ ساتھ دیگر میدانوں میں بھی اپنی قابلیتوں ، ہنر اور مہارتوں کا لوہا منوانا ہو گا۔انہوںنے کہا کہ طالبات اپنے آپ کو ہمیشہ تیار رکھا کریں تاکہ کسی بھی نا گہانی صورت میں وہ اپنے بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہو سکیں۔

انہوںنے کہا کہ جب طالبات عملی زندگی میں آتی ہیں تب انہیں معاشی و معاشرتی اور خاندانی نظاموں کی اونچ نیچ کا پتہ چلتا ہے لیکن ان تمام امتحانوں میں وہی طالبات کامیاب ہوتی ہیں جو پیشگی اپنے آپ کو ہر آزمائش میں پورا اتارنے کیلئے تیار رہتی ہیں۔انہوںنے کہا کہ ہمیں اپنی قوم کی بیٹیوں پر فخر ہے اور وہ پورے دعوے سے کہہ سکتی ہیں کہ پاکستان کا مستقبل توانا اور قابل ہاتھوں میں ہو گا۔

انہوںنے کہا کہ ماں کی گود بچے کی پہلی درسگاہ ہوتی ہے اور چونکہ آج کی بچیوں نے کل کی ماں بننا ہے اسلئے اگر وہ اپنی پہلی درسگاہ کو مثبت طریقے سے استعمال میں لائیں گی تو ان کی آنے والی نسلیں ملک و قوم اور خود ان کو کبھی مایوس نہیں کریں گی۔انہوںنے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ گرل گائیڈ اور بوائے سکائوٹس گورنر ہائوس لاہور میں بھی کیمپ لگائیں جہاں ان کیلئے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔

انہوںنے طالبات کو ہدائت کی کہ وہ اساتذہ اور والدین کی عزت کریں تاکہ معاشرہ انہیں عزت کی نگاہ سے دیکھے۔انہوںنے کہا کہ طالبات کو تعلیم ، تدریس ، تحقیق کے ساتھ ساتھ عملی مہارت بھی حاصل کرنی چاہیے جبکہ انہیں گھریلو ہنر بھی سیکھنے چاہئیں تاکہ انہیں عملی زندگی میں کبھی ناکامی کا منہ نہ دیکھنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ناگہانی صورتحال یا قدرتی آفات میں آپ کا کردار بہت اہم ہے ۔

انہوں نے کہا کہ طالبات کو ہینڈی کرافٹ میں بھی ماہر ہونا انہوںنے کہا کہ شلوار قمیض ہمارا دنیا کا بہترین لباس ہے اسلئے بچیوں کو مغربی کلچر کی دلدل میں دھنسنے کی بجائے اپنے اسلامی ثقافتی کلچر کو پروموٹ کرنا چاہیے کیونکہ ہماری عزت ہمارے قومی لباس میں ہی ہے۔انہوںنے کہا کہ ہم گھریلوسطح پر ہینڈی کرافٹس اور دستکاری کا سامان تیار کر کے اسے برآمد بھی کر سکتے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ زندہ قومیں اپنی ثقافت ، اپنے مذہب اور اپنی ملکی مصنوعات پر فخر کرتی ہیں اسلئے ہمیں بھی میڈان پاکستان اشیاء استعمال کرنی چاہئیں تاکہ ملک کا قیمتی زر مبادلہ بچانے سمیت گھریلو و ملکی انڈسٹری کو فروغ حاصل ہو سکے۔قبل ازیں انہوںنے بوائے سکائوٹس اور گرل گائیڈ کی ریلی میں بھی شرکت کی ۔اس موقع پر گورنر پنجاب کی اہلیہ بیگم پروین سرور نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف کے ہمراہ فائن آرٹس سنٹر کا وزٹ بھی کیا اور طالبات کے ہاتھ سے بنائی ہوئی مختلف اشیاء دیکھیں جن میں انہوںنے گہری دلچسپی کا اظہار کیا ۔

انہوں نے گرل گائیڈز کی بنائی ہوئی چیزوں کا معائنہ کیا اور ان کے کام کو سراہا۔ بعد ازاںانہوں نے یونیورسٹی کے لان میں کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت پودا بھی لگایا ۔ اس موقع پرمرزا کاشف چیئرمین آل پاکستان پرائیویٹ سکولز فیڈریشن،ایم پی اے فردوس رائے ،سینئر گرل گائیڈ تعظیم فضل ،رانا طاہر سیلم ،چوہدری یوسف ،ایمان فاطمہ،ڈاکٹر نگہت فاطمہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس عاصمہ اعجاز چیمہ،مختلف سرکاری و نجی سکولوں کے اساتذہ کرام، ریسیکو 1122کے اہلکاراور سکولوں کی بچیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں