طلال چوہدری کے جھگڑے کا معاملہ ، انکوائری کمیٹی عائشہ رجب کا بیان لینے اسلام آباد جائے گی

انکوائری کمیٹی خاتون ایم این اے کا بیان ریکارڈ کرنے فیصل آباد میں ان کے گھر پہنچی ، وہ وہاں موجود نہیں تھیں

Sajid Ali ساجد علی اتوار 27 ستمبر 2020 15:17

طلال چوہدری کے جھگڑے کا معاملہ ،  انکوائری کمیٹی عائشہ رجب کا بیان لینے اسلام آباد جائے گی
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 ستمبر2020ء) مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری کے جھگڑے کے معاملے میں پولیس کی انکوائری کمیٹی ن لیگ کی رکن قومی اسمبلی عائشہ رجب علی کا بیان لینے اسلام آباد جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق ڈی اسی پی پیپلزکالونی عبدالخالق کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی خاتون ایم این اے کا بیان ریکارڈ کرنے فیصل آباد میں ان کے گھر پہنچی، تاہم رکن قومی اسمبلی عائشہ رجب علی وہاں موجود نہیں تھیں۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ڈی اسی پی پیپلزکالونی عبدالخالق نے بتایا کہ خاتون رکن قومی اسمبلی گھر پر موجود نہیں ہیں، ایم این اے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ اسلام آباد میں ہیں، ان کا بیان کرنے کے لیے وہاں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فریقین کی جانب سے تاحال کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی، فریقین کے مابین صلح ہونے یا نہ ہونے کے بارے میں کچھ بھی معلوم نہیں ہے،فریقین کی کال جعلی ہونے سے متعلق بھی انکوائری کی جارہی ہے،تاہم کوشش ہوگی کہ جلد ازجلد طلال ہوچدری کا بیان ریکارڈ کیا جائے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری پر تشدد اور ن لیگی خاتون رکن قومی اسمبلی کے معاملے کی تحقیقات کیلئے پولیس کی 4 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق ڈی اسی پی پیپلزکالونی عبدالخالق کمیٹی کی سربراہی کریں گے ، پولیس کی طرف سے تشکیل دی گئی کمیٹی واقعے کی تحقیقات کی روشنی میں قانونی کارروائی تجویز کرے گی ، پولیس ٹیم مسلم لیگ ن کی خاتون رکن اسمبلی عائشہ رجب علی کا بیان قلمبند کرے گی۔

 یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری جھگڑے میں زخمی ہو گئے تھے ، جس کے بعد انہیں لاہور کے نجی اسپتال میں داخل کروایا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری اور ن لیگ کی رکن قومی اسمبلی عائشہ رجب علی کے مابین جھگڑا ہوا تھا جس کے بعد ان کے بھائیوں نے طلال چوہدری پر حملہ کیا ، جھگڑے کے نتیجے میں طلال چوہدری کا بازو دو جگہ سے فریکچر ہوا جب کہ ان کے بائیں بازو کی سرجری لاہور کے نجی اسپتال میں کی گئی ۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں