تمام سیاستدانوں اور قوم کوخود اپنا احتساب اور ملکی مفاد میں کوئی ایسا اقدام نہیں کرنا چاہیے ،چوہدری محمد سرور

ہفتہ 31 اکتوبر 2020 18:59

تمام سیاستدانوں اور قوم کوخود اپنا احتساب اور ملکی مفاد میں کوئی ایسا اقدام نہیں کرنا چاہیے ،چوہدری محمد سرور
فیصل آباد۔31اکتوبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اکتوبر2020ء) :گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ تمام سیاستدانوں اور قوم کوخود اپنا احتساب اور ملکی مفاد میں کوئی ایسا اقدام نہیں کرنا چاہیے جس سے قومی سلامتی پر کوئی حرف آئے یا اہم اداروں کا وقار مجروح ہو کیونکہ ہمارے ادارے ہمارا فخر اور ہمارے حال و مستقبل کو ہر قسم کے خطرات و خدشات سے محفوظ بنانے اور ہمارے بہتر کل کیلئے نہ صرف دن رات کوشاں بلکہ کسی بھی قسم کی جانی و مالی قربانیوں سے بھی دریغ نہیں کرتے ۔

اسلئے سیاسی مخالفت میں اس حد تک آگے نکل جانا جس سے اداروں کا مورال متاثر یا قوم میں اضطراب پھیلے کسی صورت درست اقدام نہیں اور جس طرح ہر شعبہ کے آئینی، قانونی، اخلاقی، انسانی تقاضے ہوتے ہیں اسی طرح کوئی سیاسی جماعت یا سیاستدان بھی اس سے بالا تر نہیں ہوسکتا۔

(جاری ہے)

ہفتہ کے روز گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی فیصل آباد میں سرور فاؤنڈیشن اور الخیر فاؤنڈیش کے تعاون سے نصب کئے گئے واٹرفلٹریشن پلانٹ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر خطاب اور میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں پانی کی مسلسل قلت پیدا ہورہی ہے جسے پورا کرنے کیلئے پانی کا ضیاع روکنا اور بارش کے پانی کو بھی محفوظ بنانا ہوگا جس پر کام ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری خواتین میں بڑا ٹیلنٹ موجود ہے لہٰذا اگر انہیں بااحتیار بنایا جائے تووہ ملکی ترقی میں اہم ترین کردار ادا کر سکتی ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور تمام یونیورسٹیز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ جن جن یونیورسٹیز میں ایڈہاک وائس چانسلرز و دیگر فیکلٹی ممبران کام کر رہے ہیں ان کو میرٹ کے مطابق مستقل کیا جائے تاکہ اعلیٰ تعلیم و تدریس اور تحقیق کے شعبہ میں نقصان نہ ہو اور یونیورسٹیز کی کارکردگی میں بھی اضافہ ممکن ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ گورنر بننے کے بعدانہوں نے صوبہ بھر کی تمام یونیورسٹیز کو ہدایت کی کہ وہ تین چیزوں کیلئے ترجیحی بنیادوں پرکام کریں جن میں ایک یہ ہے کہ تمام یونیورسٹیز کو مکمل طور پر جلد از جلد سولر سسٹم  پر منتقل کیا جائے تاکہ واپڈا کے گرڈ سٹیشنز پر بوجھ کم، بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے نجات اور ہر وقت سستی بجلی دستیاب ہوسکے اور تیسرایونیورسٹیز کے طلبا و طالبات کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی ہے جس پر برق رفتاری سے عمل شروع کردیا گیا ہے اور 11یونیورسٹیز کے ساتھ ایم او یو سائن بھی ہوچکے ہیں جبکہ 10کے ساتھ ایم او یوز پا ئپ لائن میں ہیں۔

گورنر نے کہا کہ جن یونیورسٹیز میں سولر سسٹم لگایا گیا ہے وہاں 26روپے فی یونٹ کی بجائے اب 10روپے فی یونٹ سے بھی کم لاگت آرہی ہے۔چوہدری محمد سرور نے کہا کہ شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے لہٰذا اس سلسلے میں سرور فاؤنڈیشن حکومتی کوششوں میں گرانقدر سروسز فراہم کررہی ہے اور صوبہ کی تمام یونیورسٹیز میں مرحلہ وار پروگرام کے تحت فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب جاری ہے جس کی بدولت طالب علموں کو پینے کا صاف پانی میسرآرہا ہے جو صحت مند پاکستان کی بھی بنیاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کیلئے سرورفاؤنڈیشن اور الخیر فاؤنڈیشن نے معاونت کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبہ بھر میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کی بدولت 20 لاکھ افراد مستفید ہورہے ہیں اور یہ نمبر روزانہ کی بنیاد پر بڑھ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیز کو سولر سسٹم پر منتقل کرنے سے دس روپے بجلی کا یونٹ پڑے گا یہی وجہ ہے کہ اب تک متعدد یونیورسٹیز نے یہ سسٹم اپنا لیا ہے۔

گورنر پنجاب نے بتایا کہ پاک آب اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کے حوصلہ افزا نتائج حاصل ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت پانی کی قلت کا سامنا ہے اور بارشی پانی کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے اس سلسلے میں یونیورسٹیز کو رول ماڈل بننا ہے۔انہوں نے کہا کہ سرور فاؤنڈیشن ملک کے طول و عرض میں مختلف شہروں، دیہاتوں،تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں میں واٹر فلٹریشن پلانٹس نصب کر رہی ہے تاکہ عوام الناس کو پینے کا صاف پانی میسر آئے۔

انہوں نے یونیورسٹی کی کارکردگی کی تعریف کی اور اس حوالے سے وائس چانسلر یونیورسٹی کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم باہمی کاوشوں اور اعلیٰ انسانی اقدار پر عمل پیرا ہوکر ہی دنیا کے حالات کو اپنے اور اپنی آنے والی نسلوں کیلئے بہتر بنا سکتے ہیں۔ وائس چانسلر اور یونیورسٹی اساتذہ نے گورنر پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔گورنر پنجاب نے گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی کے سبزہ زار میں پلانٹ فار پاکستان مہم کے تحت پودا بھی لگایا اور شجرکاری کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

اس موقع پر چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے خزانہ فیض اللہ کموکاایم این اے،ایم پی اے فردوس رائے،صدر سرور فاؤنڈیشن فیصل آبادو چیئرمین اوورسیز کمیٹی محمداصغر،وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ فاروق،ایسوسی ایٹ پرفیسر جی سی فیصل آباد ڈاکٹر عمیر باجوہ،احمد سلطان، مرزا اصغر،یونیورسٹی کی فیکلٹی ممبران،پرفیسرز،طالبات ودیگر بھی موجودتھے۔

بعدازاں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے دورہ فیصل آباد کے دوران سٹی ٹرمینل میں سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام لنگر خانے کا بھی افتتاح کیاجہاں سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے محمد یاسین نے منصوبے پر بریفنگ دی۔گورنر پنجاب نے سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کی عوامی خدمت کو سراہااورلوگوں کے ساتھ بیٹھ کر کھانا بھی کھایا۔انہوں نے کھانے کا معیار بھی چیک کیا۔

انہوں نے کہا کہ نادار لوگوں کو کھانا کھلانا سنت نبوی ؐبھی ہے۔انہوں نے کہا کہ سرور فاؤنڈیشن لنگرخانوں کے قیام میں بھی معاونت کرے گی۔میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں چک جھمرہ میں پینے کے صاف پانی کے ایک پلانٹ پر کام شروع ہوگیا ہے جہاں 40ہزار سے زائد لوگوں کو یہ سہولت میسر آسکے گی،انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں پانی کی قلت پیدا ہورہی ہے جسے پورا کرنے کیلئے بارش کے پانی کو بھی محفوظ بنانے پر کام ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام سیاستدانوں اور قوم  اپنا احتساب کرنا چاہیے اور ملکی مفاد میں کوئی ایسا اقدام نہیں کرنا چاہیے جس سے قومی سلامتی پر کوئی حرف آئے۔انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان تحریک انصاف، پاکستان مسلم لیگ (ن)،پاکستان پیپلز پارٹی یا کسی دیگر سیاسی جماعت میں اگر کوئی ملکی مفاد کے خلاف کام کر رہا ہے تو اس کا احتساب پارٹی کوخود کرنا چایئے۔

انہوں نے کہا کہ اپنے مفاد کی خاطر ہمیں اس حد تک نہیں جانا چاہئے جس سے ملکی سلامتی پر کوئی حرف آئے۔انہوں نے کہا کہ مسلم امہ کی پستی کا سبب قرآن پاک اور حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات کو پوری طرح نہ اپنانے کی وجہ سے ہے حالانکہ قرآن پاک ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جس پر عمل کرکے دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم خواتین کو برابری کے حقوق دینے کے خوہاں ہیں کیونکہ ہماری خواتین میں بڑا ٹیلنٹ ہے اسلئے اگر انہیں بااحتیار بنایا جائے تووہ ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام یونیورسٹیز میں قرآن پاک کی ترجمہ کے ساتھ تعلیم کو لازمی قرارد یدیا گیاہے۔ گورنر نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق کورونا وبا کے دوران 1کروڑ20لاکھ مستحق خاندانوں میں 12ہزار روپے فی کس کے حساب سے مالی امداد تقسیم کی گئی ہے جو کہ ایک ریکارڈ ہے نیز ہم آئندہ بھی غربا و مساکین کی مدد جاری رکھیں گے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں