پاکستان مسلم لیگ (ن) بار باراپنے جھوٹے بیانات کی وجہ سے اپنی ساکھ کھو چکی ہے ،سینیٹر فیصل جاوید

بدھ 2 دسمبر 2020 15:43

پاکستان مسلم لیگ (ن) بار باراپنے جھوٹے بیانات کی وجہ سے اپنی ساکھ کھو چکی ہے ،سینیٹر فیصل جاوید
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے غیر ملکی نیوز چینل کو انٹرویو کے دوران اپنے جھوٹ سے خود کو بے نقاب کردیا ہے۔بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اسحاق ڈار کے انٹرویو پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) بار باراپنے جھوٹے بیانات کی وجہ سے اپنی ساکھ کھو چکی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے قائدین اپنی بدعنوانی چھپانے کے لئے جھوٹ کا سہارا لے کر دوسروں کو بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شریف خاندان نے عوام کے مفادات کی خدمت کے بجائے بیرون ملک اپنے کاروبار کو فروغ دیا۔

(جاری ہے)

فیصل جاوید نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی اعلی قیادت بیرون ملک مقیم ہے اور حکومت کو بلیک میل کرنے کے لئے نام نہاد جلسے کرنے کے لئے دوسرے درجے کی قیادت کو پیچھے چھوڑدیا گیا ہے اور اپوزیشن جماعتیں عوامی جلسوں کے ذریعے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پر دباو ڈالنے کی کوشش کر رہی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کے معاملات سے بچنے کے لئے قومی مفاہمت آرڈیننس (این آر او) حاصل کرنے کے لئے تمام حربے استعمال کر رہے ہیں، یہ اصلی اپوزیشن نہیں ہے بلکہ بیشتر سیاسی رہنما اپنے مفادات کو بچانے کے لئے متحد ہوگئے ہیں۔سینیٹر فیصل جاوید نے کہاکہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے بہت سارے سیاستدان مجرم ہیں اور ہم مجرموں کو فرار ہونے نہیں دیں گے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں