پیپلز پارٹی کا سابق ٹکٹ ہولڈر بھی قبضہ مافیا کا رکن نکلا،

ضلعی انتظامیہ نے ملت روڈ پر سرکاری گرین بیلٹ پر قائم خیبرشنواری ہوٹل مسمار کر دیا

پیر 1 مارچ 2021 15:19

پیپلز پارٹی کا سابق ٹکٹ ہولڈر بھی قبضہ مافیا کا رکن نکلا،
مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی کا سابق ٹکٹ ہولڈر بھی قبضہ مافیا کا رکن نکلا، ضلعی انتظامیہ نے ملت روڈ پر سرکاری گرین بیلٹ پر قائم کیا جانے والا خیبرشنواری ہوٹل کو مسمار کر دیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد علی کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی سید ایوب بخاری نے آپریشن کرتے ہوئے اڑھائی کروڑ مالیت کی ایک کنال سرکاری اراضی واگزار کروا لی۔

تفصیل کے مطابق محکمہ مال کی طرف سے نشاندہی کی گئی کہ 121 ج ب ملت روڈ نزد ساندل کالج کے قریب پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق ٹکٹ ہولڈر یونس سلیمان اور اعجاز رندھاوا نے سیاسی اثرورسوخ کی وجہ سے گرین بیلٹ پر قبضہ کرتے ہوئے خیبرشنواری ہوٹل بنا رکھا ہے اور اس کے ساتھ رہائشی پلاٹ کو کمرشل کے طور پر استعمال کرتے ہوئے عرصہ سے کاروبار کر رہے ہیں جس پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی سید ایوب بخاری نے محکمہ مال اور پولیس کے ہمراہ لینڈ مافیا کے خلاف بھرپور ایکشن لیتے ہوئے اڑھائی کروڑ روپے مالیت کی ایک کنال سرکاری اراضی واگزار کروا لی اور مذکورہ ہوٹل کو مسمار کر کے اراضی محکمہ مال کے سپرد کر دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر محمد علی کی ہدایت پر ضلع بھر میں بلاامتیاز قبضہ مافیا کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے، قبضہ گروپوں سے سرکاری اراضی واگزار کروائے بغیر چین نہیں بیٹھیں گے۔ یاد رہے کہ پیپلز پارٹی کے سابق ٹکٹ ہولڈر یونس سلیمان نے ساتھی اعجاز رندھاوا کے ہمراہ سیاسی اثرورسوخ کے باعث گرین بیلٹ پر قبضہ کر کے ہوٹل بنا رکھا تھا جبکہ رہائشی علاقہ میں کمرشل کے طور پر استعمال کی جا رہی تھی۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں