فیصل آباد زون اریگیشن سسٹم کے تحت کے زرعی اراضی کو سیراب کرنے کیلئے پانی فراہم کیا جا رہاہے،ترجمان محکمہ انہار

جمعہ 26 نومبر 2021 13:45

فیصل آباد۔26نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 نومبر2021ء) محکمہ انہار فیصل آباد زون کاڈرینج سسٹم 1474 میل طویل سیم نالوں پر مشتمل ہے جبکہ2399 میل لمبی راجباہوں اور 6709موگاجات کے ذریعے زرعی اراضی کو سیراب کرنے کیلئے پانی فراہم کیاجارہاہے نیزپانی کی فراہمی 46060 کیوسک ہونے سے زرعی اجناس کی پیداوارمیں مزید اضافہ بھی متوقع ہے۔ محکمہ انہار فیصل آباد زون کے ترجمان نے بتایاکہ فیصل آباد زون کی مین کینالز اور برانچز کی لمبائی 454 میل ہے جبکہ 38 میل پر محیط اسکیپ چینلز اور 103 میل لمبی کیو بی لنک کنال اس کے علاوہ ہے۔

انہوں نے بتایاکہ قادر آباد بیراج کی حد میں آنیوالے گوجرانوالہ و حافظ آباد کے رسول نگر ڈرینج سسٹم کی لمبائی 22.31 میل ہے جبکہ فیصل آباد ڈرینج سسٹم کے تحت آ نے والے جڑانوالہ مین ڈرین، بڑھ چنیوٹ ڈرین،احمد پور ویگ ڈرین،احمد پور کوٹ نکہ ڈرین،کالو تارڑچھمب ڈرین، انڈیپنڈنٹ ڈرین، نالہ ڈیک وغیرہ کی لمبائی 682 میل پر محیط ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ سمندری ڈرینج سسٹم 790میل لمبے اے کے این ڈرین، چنیوٹ ڈرین،چک بندی ڈرین،سمندری مین ڈرین، گوجرہ کھیوڑہ ڈرین، ٹوبہ خیر والا ڈرین،جھنگ انڈیپنڈنٹ ڈرین پر مشتمل ہے۔

انہوں نے بتایاکہ ڈرینج سسٹم کے قریبی علاقوں میں واقع بڑی بڑی فیکٹریوں اور کارخانوں میں حکومتی ہدایات کے باوجود واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ نہیں لگائے گئے ہیں اور کارخانوں کاکیمیکل ملا مضر صحت پانی ان ڈرینج میں گر رہاہے جس سے آبی حیات تباہی کا شکار ہو رہی ہیں مگر متعلقہ محکمے اس ضمن میں اپنی ذمہ داریاں پوری نہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ ایل سی سی سسٹم سے پانی کا اخراج 12243کیوسک ہے جسے نظر ثانی کرکے 15528کیوسک تک بڑھایا جارہاہے۔

انہوں نے بتایاکہ زمینی پانی کے تجزیہ سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ فیصل آباد زون کا 38 فیصد پانی میٹھا اور 62 فیصد کھاراہے۔ انہوں نے کہاکہ کھارا پانی زرعی پیداوار کو نقصان پہنچانے کا موجب بن رہاہے۔ انہوں نے بتایاکہ اس وقت فیصل آباد کی 9نہروں میں 35100کیوسک پانی چھوڑاجارہاہے جس سے کاشتکاروں کی پانی کی مطلوبہ ضروریات پوری کرنے سمیت زرعی اجناس کی بمپر کراپس بھی حاصل ہونے کا امکان ہے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں