صنعتی ترقی اور بر آمدات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے

حکو مت صنعتی با لخصوص ایکسپورٹ سیکٹر کے توانائی سمیت دیگر مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل یقینی بنائے گی،وفاقی وزیر منصو بہ بندی و ترقیات اسد عمر کی پٹیا کے دورہ میں یقین دہانی

جمعرات 20 جنوری 2022 17:15

صنعتی ترقی اور بر آمدات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے
فیصل آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 جنوری 2022ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی،ترقیات،خصوصی اقدامات و اصلاحات اسد عمر نے جمعرات کی سہ پہر پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن   ،پٹیافیصل آباد کے سول لائنز میں واقع دفتر کا دورہ کیاجہاں پہنچنے پر پٹیا کے چیئر مین سہیل پاشا، وائس چیئر مین امیر احمد،سیکرٹری جنرل عزیز اللہ گوہیر اور دیگر عہدیداران و ممبران ایگزیکٹو کمیٹی نے ان کا استقبال کیا۔

اس موقع پر وزیر مملکت اطلا عات و نشریات فرخ حبیب،قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و اقتصادی امور کے چیئر مین فیض اللہ کموکا اور دیگر ارکان اسمبلی بھی ان کے ہمراہ تھے۔پٹیا ہاؤ س پہنچنے پر پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے وفاقی وزیر اسد عمر کو اپنے مسائل اور خصوصاً توانائی کے بحران سے درپیش مشکلات بارے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جب تک ایکسپورٹ سیکٹر کو بجلی و گیس کی مسلسل ہفتہ کے ساتوں روز فراہمی یقینی نہیں بنائی جاتی اس وقت تک حکومت کے برآمدی اہداف کی تکمیل مشکل ہے جس پر وفاقی وزیر اسد عمر نے انہیں یقین دلایا کہ وہ اس سلسلہ میں متعلقہ ارباب اختیار اور حکام سے بات کریں گے اور ان کا توانائی کے بحران کا مسئلہ جلد حل کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ حکومت برآمد ی شعبہ سمیت ملکی صنعتی و کاروباری ترقی پر یقین رکھتی ہے کیونکہ معاشی اعشاریوں میں بہتری لانے کیلئے یہ سیکٹر ریڑ ھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں جنہیں تمام ممکن سہولیات و مراعات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

بعد ازاں انہوں نے پاکستان ہوزری مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے دفتر کا بھی دورہ کیا جہاں مذکورہ تنظیم کے عہدیداران نے انہیں اپنی تنظیم اور اس کی کاروباری و برآمدی سرگرمیو ں کے بارے میں آگاہی فراہم کی۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں