فیصل آباد میں گدا گروں کیخلاف کریک ڈائون شروع

جمعرات 13 دسمبر 2018 16:41

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) حکومت پنجاب کی ہدایت پر محکمہ سوشل ویلفیئر کے زیر اہتمام گداگری کے خلاف نئے انتظامات کے تحت بھر پور مہم کا آغاز کیا جارہا ہے جبکہ اس سلسلہ میں مختلف چوکوں ‘ چوراہوں ‘ شاہرات اور مارکیٹوں میں کارروائی کرکے پیشہ ور بھکاریوں کو تحویل میں لیا جائے گا نیز گداگری کے خلاف آگاہی پیدا کرنے کیلئے ایک واک کا بھی انعقاد کیا گیا جو سوشل ویلفیئر کمپلیکس پیپلزکالونی سے شروع ہو کر ڈی گرائونڈ اور مختلف شاہرات سے گزرتی ہوئی واپس نگہبان سنٹر پر اختتام پذیر ہوئی ۔

واک کی قیادت ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد شاہد رانا نے کی جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خالد بشیر ‘ فرخ رضوان ‘ سوشل ویلفیئر افسران ریحانہ یاسمین ‘ محمد طاہر و دیگر کے علاوہ مختلف این جی اوز کے نمائندوں نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

واک کے شرکاء نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر گداگری کے خلاف نعرے درج تھے ۔ واک کے اختتام پر ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد شاہد رانا نے کہا کہ گداگری معاشی نہیں بلکہ سماجی مسئلہ ہے جس پر قابو پانا ضروری ہے۔

انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ پیشہ ور بھکاریوں کو خیرات نہ دیں کیونکہ ان کو دی جانے والی خیرات منشیات کے فروغ اور دیگر سماجی برائیوں کا باعث بن سکتی ہے ۔انہوںنے کہا کہ خیرات کا پہلا حق قریب ترین مستحقین کا ہے لہٰذا بہروپئے بھکاریوں کی حوصلہ شکنی ہونی چا ہیے ۔انہوں نے بتایا کہ گداگری کے خلاف عوامی شعور اجاگر کرنے کیلئے بینرز ‘ سٹیمرز آویزاں کرنے کے علاوہ معلوماتی پمفلٹس کی تقسیم ‘ سیمینارز ‘ تعلیمی اداروں میں لیکچرز کا اہتمام کیا جارہا ہے جبکہ انسداد گداگری مہم کو بھی نتیجہ خیز بنا کر شہریوں کو ایسے پیشہ ور بھکاریوں سے نجات دلائیں گے ۔بعدازاں گداگری کی لعنت کے خلاف آگاہی کیلئے شہریوں میں پمفلٹس تقسیم کئے گئے ۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں