شہدائے کربلا اور حضرت امام حسینؓ کا چہلم منگل کو عقیدت و احترام سے منایا جا ئے گا

ہفتہ 25 ستمبر 2021 13:56

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2021ء) شہدائے کربلا اور حضرت امام حسینؓ کا چہلم منگل20 صفرالمظفر بمطابق28 ستمبر کو انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جا ئے گاجس کیلئے تمام انتظامی و پولیس حکام کو سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایت کردی گئی جبکہ اس موقع پر مختلف مقامات پر مجالس عزا اور جلوسوں کا بھی اہتمام کیا جا ئے گا۔

اس سلسلہ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرزفیصل آباد محمد خالدکی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈکا اجلاس منعقد کیا گیا جس میں چہلم حضرت امام حسین ؓکے انتظامات کو مربوط بنانے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر جامع حفاظتی وانتظامی اقدامات کو یقینی بنانے کیلئے ایمرجنسی سروسز کے اداروں سمیت تمام متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریوں کو چوکس انداز میں نبھائیں اور اس سلسلہ میں تمامترانتظامات کوہائی الرٹ رکھا جائے۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ متعلقہ افسران چہلم حضرت امام حسین ؓکے موقع پر مجالس وجلوسوں کے روٹس کے مقامات کا جوائنٹ سروے کرکے حفاظتی وانتظامی امور کو وقت سے پہلے مکمل کریں اور10محرم کے سکیورٹی پلان کی طرز پر اقدامات پر عملدرآمدکو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے جلوسوں ومجالس کے راستوں سے ہر قسم کی تجاوزات ہٹانے کی ہدایت کی اور کہا کہ جلوسوں کے راستوں پر صفائی ستھرائی،سڑکوں کے پیچ ورک،لائٹنگ کے انتظامات،ٹریفک پلان اوردیگر انتظامات مکمل ہونے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری ہسپتالوں میں میڈیکل ایمرجنسی سروسز کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں جبکہ ریسکیو1122چہلم کی تقریبات کے قریب اپنی سروسز متعین رکھیں۔انہوں نے کہا کہ ڈی سی آفس کے کنٹرول روم میں متعلقہ محکموں کے نمائندے موجودرہیں گے تاکہ تمامتر انتظامات کی مانیٹرنگ کے علاوہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اورمربوط کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔

انہوں نے مذہبی تقریبات میں کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد کی ضرورت پر زوردیا۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز سے کہا کہ تحصیل کی سطح پر بھی اسی نوعیت کے انتظامات کئے جائیں اور امن کمیٹیوں کے ارکان سے قریبی رابطہ رکھیں۔اس موقع پر اہل تشیع مسلک کے نمائندہ سید جعفر نقوی نے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے چہلم محرم الحرام کے حوالے سے کئے جانیوالے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیااوراپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اجلاس میں سیکرٹری آرٹی اے محمد سرورکے علاوہ محکمہ صحت،پنجاب وٹریفک پولیس،ریسکیو1122،سول ڈیفنس،پارکنگ کمپنی، فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی،میٹروپولیٹن کارپوریشن اوردیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں