فیصل آباد سمیت ملک بھر میں ورلڈ ہارٹ ڈے 29 ستمبر کو منایا جائے گا

منگل 28 ستمبر 2021 14:17

فیصل آباد سمیت ملک بھر میں ورلڈ ہارٹ ڈے 29 ستمبر کو منایا جائے گا
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2021ء) فیصل آباد سمیت ملک بھر میں  ورلڈ ہارٹ ڈے ’’ایک دنیا، ایک گھر، ایک دل‘‘ کے تھیم کے ساتھ   29 ستمبر بروز  کو منایاجائے گا۔  اس ضمن میں فیصل آبادانسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے زیر اہتمام  واک  منعقد کی جائے گی جس کی قیادت ایم ایس ایف آئی سی ڈاکٹر ظفرعباس خان کریں گے  جس میں  ماہر کارڈیالوجسٹ، ڈاکٹرز، نرسز، ٹیکنیشنز سمیت سول سوسائٹی کی بڑی تعداد  شرکت کرے گی ۔

اس ضمن میں فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ظفر عباس خان نے اے پی پی سے گفتگو  کرتے ہوئے  کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں لوگوں کا ”آرام طلب لائف سٹائل“ عارضہ قلب کا سب سے بڑا سبب ہے لہٰذا دل کے امراض سے بچنے کیلئے ضروری ہے کہ طرز زندگی اور اپنے رہن سہن کا انداز تبدیل کیا جائے  اورمرغن کھانوں کی بجائے پھلوں و سبزیوں کو اپنی خوراک کا لازمی حصہ بنائیں  اور ہر شخص روزانہ کم از کم 30 منٹ ورزش کی عادت اپنائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ امراض قلب میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد میں روز افزوں اضافہ تشویش ناک ہے کیونکہ گزشتہ سال کے دوران دنیا بھر میں ایک کروڑ 73 لاکھ افراد امراض قلب کی وجہ سے  لقمہ اجل بنے ہیں  اور اگر یہی صورت حال برقرار رہی تو آئندہ  15 سال کے دوران دل کی بیماریوں سے مرنے والوں کی تعداد سالانہ اڑھائی کروڑ تک پہنچ جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ محتاط طرز زندگی اپنا کر  ہی امراض قلب سے بچا جا سکتا ہے  لہٰذا اس سلسلے میں لوگوں کی آگاہی کیلئے میڈیا کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ہیلتھ ایجوکیشن دی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ آج کل دل کے ہسپتالوں میں علاج کیلئے آنے والے 30 فیصد مریض 40 سال سے کم عمر کے ہوتے ہیں جس کی وجہ یہ ہے کہ ہمارے رہن سہن اور کھانے پینے کی عادات ایسی ہیں کہ لوگ ذہنی تناؤ میں زندگی گزار رہے ہیں نیز لوگ ذہنی تناؤ کم کرنے کیلئے سگریٹ اورمنشیات کا سہارا لیتے ہیں لیکن نشے کا عادی ہونے کی صورت میں انہیں اس کا خمیازہ بھگتنا پڑتا ہے اسی طرح مرغن اور نشاستے والے فاسٹ فوڈ کے رواج نے ہمارے بزرگوں، مردوں، عورتوں اور بچوں کو ذیابیطس، موٹاپے اور ہائی بلڈ پریشر میں مبتلا کردیا ہے جبکہ ہمارے معاشرے میں ورزش کی عادت عام نہ ہونے کی وجہ سے بھی امراض قلب میں اضافہ ہورہاہے۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں حکومت پنجاب نے امراض قلب کے بہترین ڈاکٹرز تعینات کرنے کے علاوہ جدید ترین تشخیصی آلات اور ادویات فراہم کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی سی میں گزشتہ چند روز کے دوران سینکڑوں مریضوں کی انجیوگرافی اور انجیوپلاسٹی کی گئی ہے جبکہ اس دوران کئی اوپن ہارٹ سرجیکل آپریشن کیے گئے ہیں  اور اس ہسپتال میں بائی پاس آپریشن میں کامیابی کی شرح پاکستان کے کسی بھی کارڈیالوجی ہسپتال سے بہت بہتر ہے۔

اس موقع پر عالمی ادارہ صحت، حکومت پاکستان، محکمہ صحت پنجاب، انسٹی ٹیوٹس آف کارڈیالوجی، ہارٹ سیور فاؤنڈیشن اور بعض دیگر سرکاری و غیر سرکاری تنظیموں اور این جی اوز کے زیر اہتمام ملک بھر کے  مختلف شہروں میں خصوصی تقریبات منعقدکی جائیں گی ، جبکہ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام سیمینارز، کانفرنسز، ورکشاپس، مذاکروں، مباحثوں اور دیگر پروگرام  کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں