فیصل آباد‘عیدمیلادالنبیؐ مذہبی جوش وجذبے سے منائی گئی

عیدمیلاد النبی ؐپرہرطرف درودوسلام کی بہاریں‘ملکی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں

بدھ 20 اکتوبر 2021 17:06

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2021ء) ملک بھر کی طرح فیصل آباد میں بھی عیدمیلادالنبیؐ مذہبی جوش وجذبے سے منائی گئی، ہر طرف سرکار کی آمد مرحبا کی صدائیں گونجتی رہیں، گلیوں‘ بازاروں میں بچوں، بوڑھوں کا جوش وخروش دیدنی، مختلف مقامات پر جلوس، محافل اور ریلیاں نکالیں گئیں، عاشقان رسولؐ کی طرف سے کیک کاٹنے کی تقریبات بھی منعقد کی گئیں، سرکاری عمارتوں اور دفاتر پر بھی چراغاں کیا گیا، آپؐ کی سیرت کے حوالے سے بینرز بھی آویزاں کیے گئے، آپؐ کی سیرت النبیؐ کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ہی دنیا وآخرت کی کامیابی کو سمیٹنے کا عزم کیا گیا، عید میلادالنبیؐ کے موقع پر عاشقان رسولؐ کی طرف سے گلیاں بازار وعمارتیں برقی قمقموں سے سجائی گئیں، رنگ برنگی لائٹس اور جھنڈیوں سے عمارتوں کو سجایا گیا، سرکار کی آمد مرحبا کے نعرے گونجتے رہے۔

(جاری ہے)

مذہبی جماعتوں کی طرف سے جلوس وریلیاں نکالی گئیں، عاشقان نبی نے اس موقع پر چوک گھنٹہ گھر سمیت مختلف مقامات پر کیک کاٹنے کی تقاریب کا انعقاد کیا، مساجد اور محافل پاک میں آپؐ کی سیرت پاک پر روشنی ڈالی گئی، اس موقع پر ملکی سلامتی کے لیے دعائیں بھی مانگی گئیں، مختلف مقامات سے جلوس برآمد ہوئے، جس میں بچے، بوڑھے آپؐ پر درود وسلام پیش کرتے رہے، سرکار کی آمد مرحبا کے نعرے لگاتے رہے، عیدمیلادالنبیؐ کے سلسلہ میں ہونیوالی تقریبات میں قرأت اور نعت کے مقابلہ جات بھی ہوئے جس میں پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے، ضلعی انتظامیہ کی طرف سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے جسکی وجہ سے امن وامان کی صورتحال مثالی رہی عاشقان رسولؐ کی طرف سے نکالی گئیں ریلیاں، جلوس اور محافل پرامن طور پر اختتام پذیر ہوئیں۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں