فیصل آباد ، رانا فیاض احمد کا ضلع کچہری کے پارکنگ کمپنی کی جگہ نیلام کرنے کے اعلان پر سخت رد عمل

منگل 18 جنوری 2022 11:46

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2022ء) فیصل آباد پارکنگ کمپنی کے ڈائریکٹر رانا فیاض احمد نے ضلع کچہری کے ارد گرد پارکنگ کمپنی کے دائرہ اختیار میں آنے والی جگہ کو نیلام کرنے کے اعلان پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سے فوری طور پراس غیر قانونی اقدام کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے اس اعلان کو ریاست کے اندر ریاست بنانے کے مترادف قرارد یا اور کہا کہ پارکنگ کمپنی کے علاوہ ضلع کچہری کے باہرواقعہ سڑکوں پر پارکنگ کے ٹھیکے نیلام کرنے کا کسی کو اختیار نہیں اور قانون کی بالا دستی کیلئے جنگ کرنے والے وکلا ء کو ایسے کسی بھی اقدام سے گریز کرنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ طاقتور طبقوں نے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے پہلے سے ہی غیر قانونی ٹھیکے دیئے ہوئے ہیں حالانکہ فیصل آباد پارکنگ کمپنی ایسے اقدامات کرنے کی مجاز ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے مبینہ طور پر بدمعاش قسم کے لوگوں کی خدمات حاصل کر رکھی ہیں جو لوگوں سے 30 روپے کی بجائے سو روپے تک وصول کر رہے ہیں۔ ا س سلسلہ میں احتجاج کرنے والوں سے بدتمیزی بھی کی جاتی ہے مگر لوگ اس کا ذمہ دار پارکنگ کمپنی کو ٹھہراتے ہیں حالانکہ اٴْن کا اس میں قطعاً کوئی عمل دخل نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضلع کچہری کے اردگرد کے علاوہ ہلا ل احمر ہسپتال کے باہر تک غیر قانونی اور طاقتور پارکنگ مافیا چھایا ہوا ہے جس کے سامنے پولیس بھی بے بس ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی شکایت پر ان کے خلاف کارروائی کی گئی اور انھیں حوالہ پولیس بھی کیا گیا مگر وہ چند گھنٹوں کے بعد دوبارہ واپس پہنچ کے پارکنگ کرنے والوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ شروع کر دیتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اس صورتحال کا فوری نوٹس لے تاکہ غیر قانونی طور پر ٹھیکے دینے کا سلسلہ روکا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں