فیصل آباد زندگی بچانے والی ادویات کی بلیک مارکیٹنگ شروع، لواحقین کا نوٹس لینے کا مطالبہ

بدھ 25 مئی 2022 12:07

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2022ء)فیصل آباد میں ادویات ساز کمپنیوں نے زندگی بچانے والی مختلف ادویات کی سپلائی محدود کر دی ہے جس کا فائدہ اٹھا کر میڈیکل سٹورز مالکان نے ادویات کی بلیک مارکیٹنگ شروع کر دی ہے، مریضوں کے لواحقین نے حکومت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔فیصل آباد میں محکمہ صحت اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی غیر سنجیدہ کارروائیاں صرف زبانی جمع خرچ تک محدود ہیں جس کی وجہ سے ادویات ساز کمپنیوں نے 70 سے زائد ادویا ت کی سپلائی محدود کر دی ہے۔

(جاری ہے)

میڈیسن مارکیٹس میں بلڈ پریشر، شوگر، کارڈیک اور زندگی بچانے والی مختلف ادویات نایاب ہو چکی ہیں جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے میڈیکل سٹورز مالکان نے نایاب ادویات کی بلیک مارکیٹنگ شروع کر دی ہے جس سے مہنگی ادویات خریدنا لواحقین کیلیے شدید مشکل ہو گیا ہے ۔محکمہ صحت حکام کا موقف ہے کہ ادویات کی قیمتوں کا تعین دائرہ اختیار میں نہیں تاہم قیمتوں میں خودساختہ اضافے کی شکایات موصول ہونے پر کارروائیوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔محکمہ صحت کی خانہ پوری کی کارروائیاں صرف فوٹو سیشن تک ہی محدود ہیں جس کی وجہ سے بلیک مارکیٹنگ کے باوجود تاحال دو مقدمات ہی درج کیے گئے ہیں۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں