ڈپٹی کمشنرکی زیر صدارت ہائی لیول ڈیزائن کمیٹی کا اجلاس

عمارتوں کی تعمیر کے ڈیزائن و نقشوں کی 31 درخواستوں کی مشروط طور پر منظوری ْ

پیر 16 اپریل 2018 19:01

فیصل آباد۔16 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء) ڈپٹی کمشنر سلمان غنی کی زیر صدارت ہائی لیول ڈیزائن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق اجلاس میں پلازوں ‘کمرشل و کارباری عمارتوں کی تعمیر کے ڈیزائن و نقشوں کی 31 درخواستوں کی مشروط طور پر منظوری دی گئی جبکہ متعلقہ قوانین و شرائط پر پورا نہ اترنے والی 7 درخواستوں کی منظوری کے معاملے کو موخر کر دیا گیا، جن درخواستوں کی منظوری دی گئی ان میں شہر کے مختلف علاقوں میں ریسٹورنٹس ‘ کمرشل دکانوں ‘ پلازوں اور کمرشل نوعیت کی دیگر عمارتوں کی تعمیر کے نقشے شامل تھے ، اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ہیڈ کوارٹرز ) میاں آفتاب احمد ‘ ایف ڈی اے ‘ محکمہ ہائوسنگ ‘ واسا ‘ سول ڈیفنس ‘ ٹریفک ‘ میونسپل کارپوریشن ‘ ضلع کونسل اور دیگر محکموں کے افسران کے علاوہ درخواست گزار بھی موجود تھے ، میونسپل آفیسر پلاننگ / سیکرٹری ہائی لیول ڈیزائن کمیٹی آصف حیات نیازی نے کمرشل عمارتوں کے نقشوں و ڈیزائن کی تعمیر کی منظوری کی درخواستوں کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے مجوزہ کمرشل عمارتوں اور پلازوں کے محل و قوع ‘ رقبہ ‘ ان میں پارکنگ کی سہولیات اور دیگر فنی امور کے بارے میں بتایا ، ڈپٹی کمشنر نے کمرشل عمارتوں کی تکنیکی و تعمیراتی تفصیلات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مشروط طور پر منظور کی جانے والی درخواستوں کی حامل عمارتوں کے تعمیراتی مراحل کو باقاعدگی سے چیک کیا جائے تاکہ نقشوں کی خلاف ورزی نہ ہو ، انہوں نے کہا کہ کمرشل عمارتوں کی منظوری کے کیسز میں خصوصی طور پر پارکنگ ایریاز قانون کے مطابق مختص ہونے چاہیں اور تعمیراتی مراحل کے دوران حفاظتی نقطہ نظر سے پائیداری کا بھی خیال رکھا جائے ، ڈپٹی کمشنر نے بلند و بالا عمارتوں اور گنجان مارکیٹوں میں مجوزہ پلازوں و کمرشل دکانوں کی تعمیر کے سلسلے میں تمام تر درکار تقاضے مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی ، انہوں نے کہا کہ شہر میں زیر تعمیر کاروباری عمارتوں کی تعمیر کی جانچ پڑتال کا عمل بھی جاری رکھیں اور بغیر منظوری کے تعمیر ہونے والی کمرشل و کاروباری عمارتوں کو فورا سیل کیا جائے ۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں