ڈویژن بھر میں موسم برسات کی شجرکاری مہم کے بھرپور نتائج حاصل کریں ، ڈویژنل کمشنر

جمعرات 19 جولائی 2018 23:58

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2018ء) ڈویژنل کمشنر آصف اقبال نے کہا ہے کہ ڈویژن بھر میں موسم برسات کی شجرکاری مہم کے بھرپور نتائج حاصل کریں گے اس ضمن میں تمام محکموں کو متحرک کیا گیا ہے۔انہوں نے یہ بات کمشنر کمپلیکس کے احاطہ میں موسم برسات کی شجرکاری مہم کے سلسلے میں پالکن کاپودا لگانے کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔

ڈپٹی کمشنر سید احمد فواد،ڈویژنل فاریسٹ آفیسر وجہیہ الدین،ایس ڈی او مشتاق چغتائی،ڈویژنل وضلعی انتظامیہ اور محکمہ جنگلات کے دیگر افسران اس موقع پر موجود تھے۔ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ سرکاری محکموں کے ساتھ ساتھ ہر شہری کو شجرکاری مہم میں حصہ لیکر اپنا قومی ومذہبی فریضہ ادا کرنا چاہیے کیونکہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے جس سے آنے والی نسلیں مستفید ہوں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈویژن بھر میں درخت لگانے کی تحریک شروع کرکے محکموں کو ٹارگٹ دیا گیا ہے جس پر عملدرآمد کا خود موقع پر جاکر جائزہ لونگا تاکہ حقیقی بنیادوں پراس مہم کو پروان چڑھایا جاسکے۔انہوں نے محکمہ جنگلات کے افسران سے کہا کہ وہ محکمہ صحت اور تعلیم ودیگر محکموں کو زیادہ سے زیادہ پودے فراہم کریں جنکی پرورش اورآبیاری کے لئے بھی تکنیکی مشاورت فراہم کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ درخت نہ صرف انسانی صحت کی بقاء کے لئے کثافتوں سے پاک ماحول فراہم کرتے ہیں بلکہ یہ چرند پرند کے لئے بھی یکساں مفید اور ضروری ہیں لہذا زیادہ سے زیادہ درخت اگانے میں خصوصی دلچسپی لینی چاہیے۔ انہوں نے شجرکاری مہم میں ترغیب کے لئے مختلف نوعیت کے آگاہی پروگرامز پر عملدرآمد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں