حفاظتی وانتظامی امور کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کیلئے اڑھائی ہزارسے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کاکام جاری

جمعرات 19 جولائی 2018 23:58

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2018ء) ضلع میں عام انتخابات کے سلسلے میں مجموعی طورپر 3764پولنگ اسٹیشنز میں سے 645پولنگ اسٹیشنز حساس قراردئیے گئے ہیں جن پر حفاظتی وانتظامی امور کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے لئے اڑھائی ہزارسے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کاکام جاری ہے جو 23 جولائی تک مکمل کرلیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر سید احمد فواد نے ضروری سہولیات وانتظامات کاجائزہ لینے کے لئے مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا۔

ایڈمن آفیسر ڈی سی آفس ریاض انجم ودیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے خصوصی طور پر حساس پولنگ اسٹیشنز کو چیک کرتے ہوئے وہاں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے کام کامعائنہ کیا اور ہدایت کی کہ ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے لئے یہ ٹاسک بروقت مکمل اور اس ضمن میں تکنیکی وفنی پہلوئوں کا خیال رکھاجائے تاکہ حساس پولنگ اسٹیشنز کی مختلف زاویوں سے کوریج ہوسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے پولنگ کے عمل اور سیکورٹی انتظامات کی کڑی نگرانی کے لئے سی سی ٹی وی کیمروں کا بہترین معیار اور ریکارڈنگ کویقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کیمروں کے لئے بجلی کی سپلائی کے لئے متبادل انتظام بھی فعال رکھا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی طرف سے براہ راست مانیٹرنگ کیلئے مختلف علاقوں کے 35پولنگ اسٹیشنز کو منتخب کیا گیا ہے جن کے سی سی ٹی وی کیمروں کا لنک ہوم ڈیپارٹمنٹ کے کنٹرول روم سے منسلک کیا جائیگا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ پرامن،شفاف اورآزادانہ انتخابات کیلئے وسائل کی فراہمی میں بھرپور معاونت کررہی ہے اس ضمن میں پولنگ اسٹیشنز پر لائٹنگ ، پانی کی فراہمی، ٹائلٹس کے انتظامات سمیت دیگر ضروری سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ حساس قرار دئیے گئے پولنگ اسٹیشنز میں حلقہ این اے 101کے 86،حلقہ این اے 102کے 80،حلقہ این اے 103کے 66،حلقہ این اے 104کے 96،حلقہ این اے 105کے 45،حلقہ این اے 106کے 81،حلقہ این اے 107کے 60،حلقہ این اے 108 کے 55، حلقہ این اے 109کے 36اورحلقہ این اے 110کے 40پولنگ اسٹیشنز شامل ہیں اورکیمروں کو فعال رکھنے کے لئے اتنی ہی تعداد میں سٹاف تعینات کیا جائیگا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں